نیوز الرٹ
  • بریکنگ :- لاہور:کینال روڈپرٹریفک روانی سست روی کاشکار
  • بریکنگ :- جیل روڈسےمال روڈتک ٹریفک بری طرح متاثر،گاڑیوں کی قطاریں
Coronavirus Updates

اپوزیشن نے کورونا پر سیاست چمکائی، اب ڈینگی پر پوائنٹ سکورنگ کر رہی: بزدار

اپوزیشن نے کورونا پر سیاست چمکائی، اب ڈینگی پر پوائنٹ سکورنگ کر رہی: بزدار

دنیا اخبار

افسوس اپوزیشن عناصر کے دل میں دکھی انسانیت کیلئے کوئی درد نہیں، راولپنڈی کے اراکین ا سمبلی سے گفتگو ، غربت پر قابو پانے کیلئے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ،روز گار بڑھا کرغربت کم کی جاسکتی ، پیغام

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے راولپنڈی کے اراکین ا سمبلی نے ملاقات کی جس میں حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو مری میں جنگلات کی اراضی پر قبضہ کرنے والے مافیا کی سرکوبی کا حکم دیا اور مری کے مسائل حل کرنے اورانفراسٹرکچر بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد ڈینگی کے لئے بھر پور مہم چلانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔حکومت نے تمام محکموں کو انسداد ڈینگی کیلئے الرٹ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے کورونا پر سیاست چمکائی اوراب ڈینگی پر پوائنٹ سکورنگ کررہی ہے ۔افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن عناصر کے دل میں دکھی انسانیت کیلئے کوئی درد نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ اورنالہ لئی ایکسپریس وے کی منظوری پر ارکان اسمبلی اورعوام کو مبارکباد دیتاہوں۔رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ راولپنڈی کیلئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا اور اس منصوبے کیلئے پہلے مرحلے میں 24ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے اور پہلی بار ہر شہروں کی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھ کر فلاح عامہ کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ تین برس میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومت 10 برس میں نہ کر سکی۔ وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔ اراکین اسمبلی نے مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزراء نے عثمان بزدار کی رنگ روڈ اورنالہ لئی کے منصوبوں کیلئے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کو عملی شکل دے کر راولپنڈی کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔خواتین ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدارراولپنڈی کے عوام کے محسن ہیں۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کیلئے جتنے ترقی منصوبے دیئے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت،راجہ راشد حفیظ،فیاض الحسن چوہان،ارکان اسمبلی راجہ صغیر احمد، جاوید کوثر، چودھری ساجد محمود، واثق قیوم عباسی، ملک تیمور، امجد محمود چودھری، اعجاز خان اور عمر تنویر،عابدہ راجہ،فرح آغا اورمومنہ وحید شامل تھیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔تیز رفتار صنعتی عمل کے ذریعے روزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے غربت میں کمی کی جاسکتی ہے اورغربت پر قابو پانے کیلئے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ہے ۔ معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا سدباب ناگزیر ہے ۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے معاشی تفاوت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور ہمیں اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ غریب لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement