پیپلز پارٹی، ن لیگ نے 30سال میں عوام کو کیا دیا : دنیا میں مہنگائی بڑھی ہم کسی علیحدہ سیارے میں نہیں رہتے : وفاقی وزرا

پیپلز پارٹی، ن لیگ نے 30سال میں عوام کو کیا دیا : دنیا میں مہنگائی بڑھی ہم کسی علیحدہ سیارے میں نہیں رہتے : وفاقی وزرا

پی ڈی ایم چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹرز کی عزت پامال کی ، مہنگائی سا بق حکمرانوں کا دیا تحفہ ،شاہ محمود ، پورا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر کل نیچے آ جائینگی ،فواد ، فیصل آبادجلسہ میں فوج کیخلاف زبان غیر دانشمندانہ تھی:شیخ رشید ، بلاول سندھ پر توجہ دیں ، فرخ

اسلام آباد (وقائع نگار، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزرا نے کہا کہ پی پی ، ن لیگ نے 30سال میں عوام کو کیا دیا ، پوری دنیا میں مہنگائی بڑھی ہم کسی علیحدہ سیارے میں نہیں رہتے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹرز کی عزت کو پامال کیا ، پی پی، ن لیگ نے قومی خزانہ لوٹ کر ووٹرز کا معاشی قتل کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم لٹیروں کاٹولہ جو خود چور اور لٹیرے ہوں وہ کیسے احتساب کر سکتے ہیں ۔پی ڈی ایم چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہے ۔ دراصل یہ شور مچا کر احتساب سے بچنا چاہتے ہیں۔ جس نے ملک لوٹا اسے بلا تفریق و بلا امتیاز احتساب کا سامنا کرنا ہوگا۔ چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ سے ہو۔ مہنگائی سا بق حکمرانوں کا دیا تحفہ ہے معیشت کی مضبوطی کیلئے کوشش کررہے ہیں۔مشکلات عارضی ہیں غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ حکومت کو لوگوں کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے ، معاشی نہ ہمواری غربت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ۔حکومت کا احساس پروگرام’ روزگار پروگرام’ صحت انصاف کارڈ سمیت دیگر پالیسیوں سے غربت میں کمی ہوگی ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر ایسے پراپیگنڈا ہو رہا ہے جیسے ہم دنیا سے کسی علیحدہ سیارے پر ہیں، اگر دنیا میں تیل، گیس کی قیمتیں اوپر جائیں گی تو پاکستان میں بھی قیمتیں اوپر جائیں گی۔ ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو جائیں گی ، ایک قوم کی طرح مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی مشکلات عارضی ہیں، انڈسٹری، زراعت اور تعمیرات کے شعبے تاریخی منافع کما رہے ہیں،تنخوا ہ دار طبقے کی مشکلات ہیں، پرائیویٹ سیکٹر اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرے ، آمدنی اور روزگار میں اضافہ مہنگائی کا توڑ ہے ،ٹی وی کے مطابق سینئر صحافیوں اور نیوز اینکرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حکومت نیب آرڈیننس کے معاملے پر اپوزیشن سے ایک اور رابطہ کرے گی۔ معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے ، حکومت کی پوری کوشش ہے پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دے ،عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نالائق اور نکھٹو اپوزیشن ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی گزشتہ روز کی تقریر سے لفظ عمران خان نکال دیا جائے تو اس میں کچھ نہیں تھا، یہ صرف الٹی گردان تھی ،لندن میں بیٹھ کر خون کے آنسو رونے کی نواز شریف کو کوئی ضرورت نہیں۔ عمران خان کہیں نہیں جارہے اللہ کے حکم اور نبی کر یم ﷺ کے صدقے پانچ سال پورے کریں گے ،آئندہ انتخابات کی تیاری کریں گے فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا اعتراف ہے ساری دنیا میں تیل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ،اس پر قابو پانے کے لئے پوری کوشش کررہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نالائق،نکھٹو،کم عقل اور معاملہ فہمی سے عاری ہے ۔جب پورے خطے میں ہر طرف دہشت گردی کی لہر ہے ایسے میں خود بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر لوگوں کو ساتھ دوڑانا کوئی دانشمندی نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصل آبادجلسہ میں پاک فوج کے خلاف زبان سیاسی ناپختگی اور غیر دانشمندانہ تھی ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی قبر پر مقبرہ بنایا جائیگا ۔شیخ رشید نے بتایا کہ قدیرخان کی بیٹی ڈاکٹر دینہ سے مقبرے کے ڈیزائن سے متعلق مشاورت کی گئی ہے ۔ ڈاکٹر قدیر کی بیٹی سے درخواست کی کہ ڈ یزائن بتا دیں ،شیخ رشید نے بتایا کہ مقبرے کا نقشہ ملتے ہی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پر ردعمل میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کے لئے کچھ کریں، 13 سالوں سے سندھ کے عوام انکے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں، سندھ میں غربت، بیروزگاری انتہا پر ہے ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی، کپڑا مکان کی آڑ میں کرپشن کو دوام بخشا اور جعلی اکائونٹس بنائے ، کراچی سمیت پورے سندھ میں بھی آج 20کلو آٹے کا تھیلا 1400 سے 1500روپے میں مل رہا ہے ، حکومت نام کی چیز نظر نہیں آرہی، پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کو ٹینکر مافیا، گرانفروش اور ذخیرہ اندوز مافیا کے حوالے کردیا ہے ، آج پاکستان جن بیرونی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے اسکی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے ، آج دنیا میں کھانے پینے کی اشیا میں 40 فیصد اور پٹرولیم مصنوعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں