شوکت ترین کے 6ماہ:آٹا تھیلا210،گھی 46روپے مہنگا

شوکت ترین کے 6ماہ:آٹا تھیلا210،گھی 46روپے مہنگا

چھوٹاگوشت101،پیاز16،آلو7،ٹماٹر کی قیمت 11 روپے کلو بڑھی ، دال مونگ،ماش،چنا،مرغی سستی ہوئیں:ادارہ شماریات کی دستاویز

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)شوکت ترین کی بطور وزیر خزانہ 6 ماہ کی مدت مکمل ہوگئی، اس عرصہ میں بیشتر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 210 روپے 5 پیسے ، چینی 3 روپے 23 پیسے اور گھی 46 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، وزیراعظم نے شوکت ترین کو بطور وزیر خزانہ مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ حکومتی ارکان نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹانے کی وجہ مہنگائی قرار دی تھی۔ ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق 6 ماہ میں بیشتر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 210 روپے 5 پیسے اضافے کے ساتھ 988 روپے 36 پیسے سے بڑھ کر 1198 روپے 41 پیسے کا ہوگیا۔ چینی کی اوسط قیمت 3 روپے 23 پیسے اضافے کے ساتھ 97 روپے 10 پیسے سے بڑھ کر 100 روپے 33 پیسے ہوگئی جبکہ گھی 46 روپے 73 پیسے مہنگا ہوکر 303 روپے 12 پیسے سے بڑھ کر 349 روپے 85 پیسے فی کلو تک پہنچ گیا۔ ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق 6 ماہ میں چھوٹا گوشت 101 روپے 7 پیسے ، بڑا گوشت 62 روپے 2 پیسے ، پیاز 16 روپے 27 پیسے ، ٹماٹر11 روپے 38 پیسے اور آلو 7 روپے 59 پیسے مہنگا ہوا۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 802 روپے 5 پیسے مہنگا ہوا۔ لہسن 102روپے 54 پیسے اور گڑ 17 روپے 24 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ تازہ دودھ کی قیمت میں 4 روپے 55 پیسے فی لٹر اور دہی کی قیمت میں 5 روپے 19 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ دال مونگ 65 روپے 23 پیسے ، دال ماش 16 روپے 86 پیسے اور دال چنا 2 روپے 8 پیسے فی کلو سستی ہوئی جبکہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 32 پیسے کی کمی ہوئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں