مظفر گڑھ :گھر میں آگ سے خاندان کے7افراد جاں بحق
جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور2 خواتین شامل ، وزیر اعلی ٰ کا نوٹس
مظفرگڑھ(نامہ نگار،سٹی رپورٹر )مظفرگڑھ کے نواحی علاقے میں گھر میں آگ لگنے کے باعث 4 بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے ،بچ جانیوالے شخص کا کہنا ہے پسند کی شادی کرنے پر اسکے سسرالیوں کو رنج تھا اور انہوں نے ہی خاندان کو جلایا ،پولیس نے 2 ملزموں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ نواحی علاقے پیرجہانیاں میں رات ڈیڑھ بجے اچانک ایک کمرے پر مشتمل گھر میں آگ لگ گئی، اہل علاقہ کو اسوقت معاملے کا علم ہوا جب کمرے کی چھت دھماکے سے نیچے گرگئی،اہل علاقہ نے آگ بجھانے کی کوشش کی ، ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا اور ملبے کے نیچے سے 7 افراد کی لاشوں کو باہر نکالا، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ،مرنے والے افراد میں 35 سالہ فاروق،اسکی 30 سالہ بیوی خورشید بی بی،انکے 3 بیٹے 12 سالہ شاہنواز،9 سالہ سرفراز اور 2 سالہ یعقوب شامل ہیں،جبکہ بچ جانے والے محبوب کی 20 سالہ بیوی فوزیہ اور اسکا 4 ماہ کا بیٹا احمد علی بھی دم توڑ گئے ۔وزیراعلٰی پنجاب کے مشیر عبدالحئی دستی کا کہنا تھا پنجاب حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کرائے گی اور متاثرہ خاندان کی ہرممکن مالی و اخلاقی امداد کی جائیگی۔ اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر عابدہ فرید اور ڈی ایس پی سٹی عمران راشد نے تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او افتخار ملکانی کے ہمراہ جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ، جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر پٹرول کی کین بھی برآمد کی گئی،مرنے والے افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کردی گئیں،جہاں سابق ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی بھی پہنچ گئے ۔تھانہ سول لائن پولیس نے محبوب کی مدعیت میں اسکے سسرالی رشتہ داروں منظور حسین اور صابر حسین کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ، عثمان بزدار نے بھی معاملے کا نوٹس لے لیا اور کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔