میڈیا اتھارٹی بل مسترد، آزادی صحافت پر آنچ نہیں آنے دینگے :نواز شریف

میڈیا اتھارٹی بل مسترد، آزادی صحافت  پر آنچ نہیں آنے دینگے :نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان میڈیا اتھارٹی بل کو مستردکرتے ہوئے کہا وہ اورپاکستان کی تمام اپوزیشن جماعتیں صحافیوں کے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان میڈیا اتھارٹی بل کو مستردکرتے ہوئے کہا وہ اورپاکستان کی تمام اپوزیشن جماعتیں صحافیوں کے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہیں ، گزشتہ روز لندن میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری سے نوازشریف نے طویل ملاقات کی، اس موقع پر برطانیہ میں جرنلسٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینراورلاہور پریس کلب کے لائف ممبر اظہر جاوید بھی موجود تھے ، ارشد انصاری نے ملاقات میں نوازشریف کو پاکستان میڈیااتھارٹی بل ، صحافت اور صحافیوں کو پاکستان میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا ،نوازشریف نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان میں آزادی صحافت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اورکہاکہ ہم مکمل طور پر صحافیوں کے مطالبات کے حق میں ہیں اور ہم آئین و قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتے ہیں، انشااللہ آزادی صحافت بحال ہوگی اور آزادی صحافت میں ہم مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہیں،نوازشریف نے کہا مجھے اندازہ ہے کہ اس وقت پاکستا ن میں صحافیوں سمیت عوام بری طرح مہنگائی کی دلدل میں دھنس چکے ہیں جس پر مجھے انتہائی تشویش ہے لیکن بہت جلد پاکستان پہلے کی طرح خوشحال ہوگا،نوازشریف نے کہاکہ وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور مریم نوازکو ہدایت جاری کریں گے کہ وہ صحافیوں کے شانہ بشانہ چلیں جبکہ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں سے بھی صحافیوں کابھرپورساتھ دینے کی بات کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں