کورونا:مثبت کیسوں کی شرح1.66فیصد،11اموات

کورونا:مثبت کیسوں کی شرح1.66فیصد،11اموات

24گھنٹوں کے دوران لاہورمیں کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی،محکمہ صحت

اسلام آباد،لاہور(نیوز رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹرسے ،خبرایجنسیاں)ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح میں کمی آگئی، ملک بھر میں مزید 11 افراد انتقال کرگئے ۔ این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 663 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، اس طرح مثبت کیسوں کی شرح 1.66 فیصد رہی۔ وزارت قومی صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا ایکٹو کیسوں کی تعداد 25 ہزار 870 ہے جبکہ مجموعی کیسوں کی تعداد 12 لاکھ 65ہزار 47 ہو گئی ہے ، 12 لاکھ 10 ہزار 897 افراد کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ صوبے میں 7 افراد جان کی بازی ہارگئے ۔ لاہور میں 110 جبکہ راولپنڈی میں 15 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مثبت کیسوں کی مجموعی شرح 1.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں این سی او سی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کوویڈ ویکسی نیشن کے سکول کے بچوں پر منفی اثرات کے حوالے سے ایک جعلی ویڈیو گردش کر رہی ہے جو تین سال پرانی ہے ۔ اتوار کو جاری ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ کوویڈ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اور وزارت صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق بچوں کو لگائی جا سکتی ہیں۔ ربیع الاول کی تعطیل کے باعث آج اسلام آباد میں ویکسی نیشن سینٹرز بند رہیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں