شہباز فیملی جائیدادوں کے ذرائع بتانے میں ناکام ، نیب وکیل

شہباز فیملی جائیدادوں کے ذرائع بتانے میں ناکام ، نیب وکیل

اپوزیشن لیڈر ، حمزہ کے خلاف تین مختلف ریفرنسز پر کارروائی 5نومبر تک ملتوی

لاہور(اپنے خبر نگار سے ،مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نیب کے تین مختلف ریفرنسز پر کارروائی 5نومبر تک ملتوی کردی ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ،رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ ریفرنسز پر سماعت ہوئی ۔ شہباز شریف،حمزہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔ دوران سماعت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور عدالت سے استدعا کی کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث اسلام آباد جانا ہے لہذا کارروائی ملتوی کی جائے ۔ شہبازشریف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ترمیمی آرڈیننس کے بعد گواہ کے بیانات ریکارڈ ہوتے وقت ویڈیو ریکارڈنگ کرنا ضروری ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس معاملے کو دیکھ لیں گے ،عدالت نے کارروائی ملتوی کردی ۔ احتساب عدالت میں شہبازشریف خاندان کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، نیب کے پراسیکیوٹر عاصم ممتاز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے شہباز شریف کی درخواست پرجواب جمع کروایا جاچکا ہے ، شہباز شریف نے اپنی اہلیہ کے نام پرجائیدادیں بنا رکھی ہیں ۔ منی لانڈرنگ ایکٹ اور فنانس ایکٹ کے مطابق جائیدادوں کے ذرائع بتانا لازم ہے ، شہباز شریف خاندان سے جائیدادوں سے متعلق بار بارجواب مانگا گیا مگر وہ اورانکی فیملی جواب دینے میں ناکام رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف سمیت دیگر کے اثاثہ جات قانون کے مطابق منجمد کیے گئے ۔ شہباز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن کے دوران اثاثے منجمد نہیں کیے جاسکتے ، عدالت اثاثے منجمد کرنے کے حکم پرنظرثانی کرے ۔عدالت نے وکلا کو بحث کے لیے 5 نومبر کو طلب کرلیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں