دھواں چھوڑنے والی 1616گاڑیوں کیخلاف کارروائی،290بند

دھواں چھوڑنے والی 1616گاڑیوں  کیخلاف کارروائی،290بند

پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے دھواں چھوڑنے والی ایک ہزار 616 پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے

لاہور(اکنامک رپورٹر)پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے دھواں چھوڑنے والی ایک ہزار 616 پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 290 گاڑیوں کو متعلقہ پولیس سٹیشن میں بند کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سکندر ذیشان نے کہا کہ گزشتہ 5 روز میں 1616 پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی 290 گاڑیوں کو بندکردیا گیا ۔معمولی نوعیت والی 165 گاڑیوں کو وارننگ دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب خصوصی ناکہ جات لگاتے ہوئے کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔بس ، ویگن اڈوں اور ٹیکسی سٹینڈز پر آگاہی دی جارہی ہے ۔احتیاطی تدابیر اپنانے سے سموگ کے خطرات سے بچا جا سکتا ہے ۔آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ کارروائی کرنے سے سموگ کے اثرات کم ہونگے ۔سموگ سے انسان کو سانس لینے میں دشواری، ناک،گلے کی بیماریوں کا اندیشہ رہتا ہے ۔ سکندر ذیشان نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور فضائی آلودگی سے پاک آب و ہوا صحت مند معاشرے کی ضامن ہے ۔دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی شہر میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انکو کسی صورت بھی چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں