عیدمیلاد النبیؐ آج عقیدت واحترام کیساتھ منائی جا ئے گی
ملک بھر میں آج عید میلاد النبی ؐمذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی ، 12ربیع الاول شریف کی صبح کا آغاز ملک بھرکی مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے کیاجائے گا
لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) حکومت اورانتظامیہ کیجانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ صدر عارف علوی نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ موجودہ دور میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل بالخصوص انتشار ، ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے ۔ حضورؐ نے مساوات، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا اور رنگ، نسل ،خاندان ، زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے ۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا پوری قوم حضور ؐ کایوم ولادت انتہائی جوش و خروش سے منائے گی، ختم نبوتؐ مسلمانوں کے عقیدے کی اساس ہے ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جشن عید میلاد النبیؐ پر فرزندان توحیدوسنت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول دراصل وہ دن ہے کہ جب ہم اپنے پیارے نبی ؐ کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کے عزم کو دہراتے ہیں، محسن انسانیت حضور ؐ کی زندگی ہمارے لئے ایک رول ماڈل ہے ۔جبکہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ ہم تمام اختلافات بھلا کر ایک امت بن جائیں ۔مسلم لیگ ق کے صدر شجاعت حسین، قائم مقام گورنر پنجاب پرویزالہٰی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا خاتم النبیین حضرت محمد ؐ تمام جہانوں کیلئے رحمت ہیں۔ عقیدہ ختم نبوتؐ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔