حکومت کاکھانے پینے کی اشیاپرٹیکس کم کرنیکافیصلہ

حکومت کاکھانے پینے کی اشیاپرٹیکس کم کرنیکافیصلہ

مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف سخت اقدامات کئے جائیں:وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد(خصوصی وقائع نگار، خبرنگار خصوصی، نیوز ایجنسیاں)حکومت نے کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں پر ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر ٹیکسز کم کرنے سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی وزرا اپنے حلقوں میں مصنوعی مہنگائی پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں کمی کا امکان نہیں ہے ، پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا دیگر ممالک میں ہوا۔ حکومت نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈیز کی تیاری مکمل کرلی ہے ، وزیراعظم جلد ہی سکیم کا اعلان کریں گے ، مہنگائی میں حالیہ اضافہ صرف پاکستان کا نہیں عالمی مسئلہ ہے ، دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور مہنگائی پاکستان سے کہیں زیادہ ہیں، عوام کو مارچ تک مہنگائی سے ریلیف ملنے کی توقع ہے ۔ خوردنی تیل کی قیمتوں میں چند روز کے اندر 45 سے 50 روپے فی لٹر کمی کریں گے ۔ اسد عمر نے ورلڈ بینک کے ڈیٹا کا حوالے دیتے ہوئے کہا گزشتہ 12ماہ کے دوران خام تیل کی قیمت 81.55 فیصد جبکہ پاکستان میں اسی عرصے میں 17.55 فیصد بڑھی۔ عالمی منڈی میں خوردنی تیل کی قیمت میں 48 فیصد جبکہ پاکستان میں 38 فیصد اضافہ ہوا، مقامی منڈی میں چینی کی قیمت میں 15 فیصد اور عالمی سطح پر 53 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے مقابلے میں نئی دہلی میں پٹرول کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ گندم ریلیز کردے تاکہ سندھ میں آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی آئے ۔ اسد عمر نے ماہرین کا حوالہ دیا کہ وہ کہتے ہیں کہ مارچ میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی نظر آئے گی۔ انہوں نے بتایا اضافہ کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور دیگر اجناس کی قیمتیں اب بھی دنیا کے اکثریتی ممالک اور ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں کم ہیں جو حکومت کی بہتر حکمت عملی کی عکاس ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں