پنجاب ، 58 ہزار بلدیاتی نمائندے بحال ، ایڈمنسٹریٹرز کے اختیارات واپس : نوٹیفکیشن جاری

پنجاب ، 58 ہزار بلدیاتی نمائندے بحال ، ایڈمنسٹریٹرز کے اختیارات واپس : نوٹیفکیشن جاری

مقامی حکومتوں کے معاملات میئرز چلائیں گے ، وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اداروں کی بحالی کا فیصلہ ہوا ، بلدیاتی ادارے 31 دسمبر کو مدت مکمل کرینگے ،30 ماہ کیسز میں ضائع ہوئے وہ بھی ریلیف دیاجائے ، میئر لاہور

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ، اپنے سٹی رپورٹر سے ،دنیا نیوز) پنجاب میں بیورو کریسی کا راج ختم ہو گیا، 229بلدیاتی نمائندوں کے سربراہان سمیت 58ہزار بلدیاتی نمائندے بحال کر دیئے گئے ۔ محکمہ بلدیات نے بلدیاتی اداروں اور ایڈمنسٹریٹرز کو دیئے گئے اختیارات کے تمام نوٹیفکیشن واپس لے لئے جبکہ مقامی حکومتوں کے معاملات میئرز چلائیں گے ، 2013 بلدیاتی ایکٹ بحال کر دیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات محمود الرشید، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی،وزیر اعلیٰ نے بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کی منظوری دے دی اور فوری طور پر ایڈمنسٹریٹرز کو دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا۔عثمان بزدار نے محکمہ بلدیات کو فوری نوٹیفکیشن جاری کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ، ہر اقدام آئین و قانون کی روشنی میں اٹھائیں گے ،محکمہ بلدیات نے ہدایت پر فی الفور عمل کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے اور ایڈمنسٹریٹرز کی دستبرداری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوڈویژنل کمشنرز ،27ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز سے بلدیاتی اداروں کے اختیارات واپس لے لئے گئے ۔میئرز کو بلدیاتی اداروں کے اختیارات دے دیئے گئے ،بلدیاتی اداروں میں تعینات بیور و کریٹ ایڈمنسٹریٹرز کی بجائے اب بحال ہونے والے منتخب میئر بلدیاتی اداروں کا نظام چلائیں گے ، میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہناہے کہ موجودہ بلدیاتی ادارے اکتیس دسمبر 2021 کو مدت مکمل کریں گے حکومت نے ہماری مدت کا 30 ماہ کا وقت عدالتی معاملات میں ضائع کیاہے ، ہم نے اس مدت کے ازالے کے لئے بھی عدالت میں پہلے ہی ایک پٹیشن دائر کردی ہے ،ہم نے موقف اختیار کیاہے کہ جو 30 ماہ کیسز میں ضائع ہوئے ہمیں وہ بھی ریلیف دیاجائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں