مہنگائی : اپوزیشن سڑکوں پر، حکومت بھی متحرک : راولپنڈی میں پی ڈی ایم کا مظاہرہ ، احتجاج پر بلاول کی جیالوں کو شاباش ، وزیراعظم بڑے بڑے پروگراموں کا اعلان کرینگے : وزیر اطلاعات

مہنگائی : اپوزیشن سڑکوں پر، حکومت بھی متحرک : راولپنڈی میں پی ڈی ایم کا مظاہرہ ، احتجاج پر بلاول کی جیالوں کو شاباش ، وزیراعظم بڑے بڑے پروگراموں کا اعلان کرینگے : وزیر اطلاعات

موٹر سائیکل اور رکشے کیلئے سستے پٹرول کی فراہمی کا پلان تیار کیا جائے : وزیراعظم کی ہدایت ، سرگودھا،وہاڑی ،ڈی جی خان اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرے ، حکومت کیخلاف نعرے ، کل نماز جمعہ کے بعد ڈویژنل ، ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج ہوگا،عوام باہر نکلیں:اپوزیشن رہنما ، دالوں، سبزیوں، چینی ، آٹے کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، وزیراعظم نے رہنمائوں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ، فواد چودھری ، کور کمیٹی اجلاس کے بعد بریفنگ

راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور(نیوزرپورٹر، خصوصی نامہ نگار، سٹاف رپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)پی ڈی ایم نے بڑھتی مہنگائی پر راولپنڈی سے حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکل کر تحریک کا آغاز کردیا ،سرگودھا،وہاڑی ،ڈی جی خان سمیت کئی شہروں میں بھی مظاہرے کئے گئے جبکہ بلاول بھٹو رزداری نے شہر شہر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے پر جیالوں کو شاباش دی ہے ۔اپوزیشن رہنمائوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگائی کے خلاف باہر نکلیں۔اپوزیشن اتحاد میں شامل مسلم لیگ ن نے مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے راولپنڈی کے لیاقت باغ کے باہر مظاہرہ کیا ۔مظاہرے میں سینکڑوں افراد شریک تھے جنہوں نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرہ کی قیادت مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب ، سابق ایم این اے حنیف عباسی ،سردار نسیم اور ملک ابرار نے کی ۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران کارکن پولیس کی طرف سے لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا کر مری روڈ پر پہنچ گئے اور مری روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ کارکنوں نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے لیاقت باغ سے کمیٹی چوک تک ریلی بھی نکالی ۔مظاہرے میں جے یو آئی (ف)کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کی بھی مظاہرے میں نمائندگی موجود تھی۔ کارکنوں نے حکومت مخالف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے ۔مظاہرے کے دوران آٹا چور ، بجلی چور اور گیس چور حکومت کے نعرے لگائے گئے ۔ مسلم لیگ (ن)کی خواتین نے مری روڈ پر دھرنا دے دیا۔ مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ، ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا، حکومت نے عوام کے پاس چینی، دوائی، آٹااور بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے ، یہ ملک ان چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا، عوام کو اب سڑکوں پر نکلنا ہوگا اور ان نالائقوں کو گھر جانا ہوگا، انہیں ووٹ دینے والے بھی اب پریشان اور بددعائیں دے رہے ہیں۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی احتجاجی سیاست شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایت پر سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں میں مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف نکالی گئی احتجاجی ریلیاں گولچوک پر یکجا ہو گئیں،اس دوران فاطمہ جناح روڈ، خوشاب روڈ، کچہری بازار روڈ سمیت ملحقہ شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام رہی۔ سکھر ، خضدار،چار سدہ میں بھی ن لیگ اور پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف مظاہرے کیے گئے ۔ وہاڑی میں گول چوک میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مہنگائی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔مسلم لیگ ن نے مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف ڈیرہ غازیخان میں احتجاج کیا۔کارکنوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔دوسری طرف پی ڈی ایم نے حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں میں وکلا،تاجر تنظیموں،سول سوسائٹی اور دیگر کو بھی ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے ۔بڑے شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں پی ڈی ایم کی قائدین بھی شرکت کریں گے ۔ مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنائاللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہونگے ۔ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔کل 22اکتوبرکو بعدنماز جمعہ پی ڈی ایم کی جماعتوں سے ملکر تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے ہونگے ۔ ماڈل ٹائون پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا احتجاج کیلئے تحریک لبیک ،نابینا افراد،اساتذہ،نرسوں، وکلا اور ڈاکٹرز سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ پوری قوم منظم ہوکر ان جعلی حکمرانوں کے خلاف احتجاج کرے ، علاوہ ازیں کراچی میں پی ڈی ایم کے تحت کل (جمعہ کو) ایمپریس مارکیٹ پر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج ہو گا۔ مظاہرے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔ دریں اثناء پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہر شہر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے پر جیالوں کو شاباش دی اور کہا ضلع شانگلہ، ضلع کوہاٹ اور ضلع چنیوٹ میں جیالوں کا احتجاج ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کی ایک کڑی ہے ۔ بلاول نے کہا کہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہر شہر15 دن سے جاری مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی کی منظم مہم دراصل عوام کے جذبات کی عکاس ہے ، پیپلزپارٹی بدترین مہنگائی کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ خان صاحب توشہ خانہ سے متعلق تفصیلات دیں، پی ڈی ایم کو ختم کرنے کے لیے جو طریقہ اپنایا گیا وہ غلط تھا،اپوزیشن کی ایک مشترکہ حکمت عملی وقت کی ضرورت ہے ۔سپریم کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی عوام سے گزارش ہے کہ باہر نکلیں۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے ،این اے 133 میں پیپلز پارٹی بھر پور طریقے سے الیکشن لڑے گی۔ ماضی میں کسی حکومت نے اس قدر عوام دشمنی نہیں کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ہمہ جہت ہے ،وزیراعظم بڑے بڑے پروگراموں کا اعلان کرینگے ، وزیراعظم نے متوسط طبقہ کو ریلیف کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کرنے ، احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم کو بڑھانے اور پارٹی قیادت کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ، سندھ حکومت کی جانب سے گندم کے اجرامیں مسلسل تاخیر کے باعث صوبے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نسبت 400 روپے زیادہ مہنگا ہے ۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ موٹرسائیکل اور رکشے کیلئے سستے پٹرول کی فراہمی کا پلان تیارکیا جائے ،موٹرسائیکل، رکشا اور عوامی سواری کو کم قیمت پرپٹرول دینے کا پلان اگلے ہفتے پیش ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ سے پی ٹی آئی کی لیڈر شپ نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے حوالے سے سب سے اہم موضوع پر گفتگو ہوئی۔ فواد نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی لیڈر شپ کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاری کے لئے شہروں اور اضلاع میں شیڈول جاری کئے جائیں۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کور کمیٹی کے اجلاس سے پہلے وزیراعظم نے احساس پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں مشیر خزانہ شوکت ترین نے بذریعہ زوم جبکہ احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر، پنجاب،خیبر پختونخوا کے وزرائے خزانہ سمیت چیف سیکرٹریز اور سینئر بیورو کریٹس نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم نے متوسط طبقہ کو ریلیف کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا خیبر پختونخوا اور پنجاب احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم میں حصہ دار بننے کو تیار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ اور بلوچستان بھی اس سبسڈی سکیم میں حصہ دار بنیں۔ گلگت بلتستان اور کشمیر نے اس میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہم سندھ حکومت پر مسلسل زور دے رہے ہیں کہ گندم کی ریلیز کو بڑھایا جائے تاکہ سندھ میں آٹے کی قیمت میں کمی ہو۔ انہوں نے کہا اس سال گنے کی تاریخی پیداوار متوقع ہے ، کاٹن کی پیداوار گزشتہ سال کی نسبت 60 فیصد زیادہ ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے ، کرشنگ سیزن شروع ہوگا تو چینی کی قیمت مزید کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دالوں، سبزیوں، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے ۔ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات میں کچھ ریلیف ملے گا، حکومت مہنگائی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ہمہ جہت ہے ، وزیراعظم آنے والے دنوں میں بڑے پروگراموں کا اعلان کریں گے ۔قبل ازیں اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے غریب طبقہ کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا حکومت کو عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے ، صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھایا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع کیا جائے گا جس پر پنجاب اور خیبر پختونخوا نے پہلے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ سندھ اور بلوچستان سے بات چیت کی جارہی ہے کہ وہ بھی اس میں شامل ہوں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پسماندہ طبقے کو مہنگائی سے بچانے کیلئے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام رواں سال جلد جاری ہوگا،پروگرام کیلئے احساس اور نیشنل بینک کے اشتراک سے موبائل پوائنٹ آف سیل نظام تیار ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا احساس کے اہل گھرانوں کو اس پروگرام کے ذریعے مخصوص اشیا پر کریانہ سٹور سے خریداری پر رعایت ملے گی۔دنیا نیوز کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کے لئے پٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس کے دوران ملکی سیاسی اور پارلیمانی امور پر مشاورت کی گئی جبکہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ موٹر سائیکل، رکشا اور عوامی سواری کو سبسڈی ریٹ پر پٹرول دینے کا پلان اگلے اجلاس میں پیش کیا جائیگا، مہنگائی کم کرنے کے لئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں