پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر کی تحقیقات کا فیصلہ : ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہئے : چیف جسٹس

پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر کی تحقیقات کا فیصلہ : ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہئے : چیف جسٹس

لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمہ کا ریکارڈ اور پنجاب حکومت ، حکام کی طرف سے جمع کردہ تحریری جوابات طلب ، حکمناموں کی مصدقہ نقول پیش کرنیکی ہدایت ، سیکرٹری بلدیات ،موجودہ ، سابق چیف سیکرٹری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونیکا حکم ،تاخیر کے ذمہ دار وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ ہیں،میئر لاہور،راولپنڈی

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،اے پی پی)سپریم کورٹ نے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلے پر عملدرآمد میں تاخیر کے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے ۔چیف جسٹس گلزار احمد نے عدالتی حکم پر عمل درآمد میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا اور سوالات اٹھائے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر عمل میں تاخیر کے ذمہ دار کون ہیں اس کا تعین ہونا چاہئے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر موجودہ اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب کے علاوہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ۔دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا گیا ۔ اس دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن کی ڈرافٹنگ درست نہیں۔عدالت نے ہائی کورٹ میں پنجاب حکومت اور سرکاری حکام کی طرف سے جمع کردہ تحریری جوابات طلب کرلئے جبکہ مقدمے میں ہائی کورٹ کی طرف سے جاری حکمناموں کی مصدقہ نقول پیش کرنے کی ہدایت کی ۔بعد ازاں سپریم کورٹ کے باہر میئر لاہور کرنل (ر )مبشر جاوید اور میئر راولپنڈی سردار نسیم نے صحافیوں سے بات چیت کی اور سوالات کے جواب دئیے ۔میئر لاہور نے کہا سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے بارے میں تاریخی حکم دیا ہے ۔میئر راولپنڈی نے کہا تحریک انصاف نے ہمارے فنڈز ایم این ایز اور ایم پی ایز کو دیئے ،بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے میں تاخیر کے ذمہ دار وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں