شہباز شریف کی ملاقاتوں کی تفصیل باہرآنی چاہئے :شیخ رشید

شہباز شریف کی ملاقاتوں کی تفصیل باہرآنی چاہئے :شیخ رشید

امریکی ناظم الامور کوبھی پتا ہے کہ ن اور ش لیگ الگ الگ ہیں ، لال حویلی یونیورسٹی بنے گی :تقریب سے خطاب،میڈیاسے گفتگو

راولپنڈی(نیوزرپورٹر،خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ امریکی ناظم الامور کوبھی پتا ہے کہ ن اور ش لیگ الگ الگ ہیں ،الیکشن سے قبل تیسری لیگ بھی وجود میں آ جائے گی ۔پی ڈی ایم نے احتجاج کیلئے میرے شہر کا انتخاب کیا ہے یہ پڑھے لکھے لوگوں کا شہر ہے جو مہنگائی کے اسباب کو سمجھتے ہیں اپوزیشن کواحتجاج کے شوق کی آڑ میں آئین اور قانون ہاتھ میں نہیں لینے دینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین مری روڈ میں ملٹی پرپز اکیڈمک ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں تو اچھی بات ہے لیکن اس کے بعد باتیں باہر نکلنی بھی چاہئیں، اگر اپوزیشن والے الیکشن سے قبل کوئی دنگا فساد کریں گے تو اپنے لئے گڑھا کھودیں گے مجھے خوشی ہے پی ڈی ایم نے احتجاج کیلئے میرے شہر کا انتخاب کیا ہے ، انہوں نے کہااپوزیشن والے معاملات الیکشن تک لے جاناچاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان خود ہر ہفتے مہنگائی کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ الیکشن سے قبل ایک نئی الائنمنٹ ہوگی ،قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سیاست میں آیا توراولپنڈی کا لڑکیوں کی تعلیم میں 37واں نمبر تھااب راولپنڈی خواتین کی تعلیم میں ملک میں پہلے نمبر پر ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زندگی رہی توراولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنا ئوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی کو بھی ایک یونیورسٹی کو دینے کا اعلان کرتا ہوں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں