پبلک اکائونٹس کمیٹی:کورونا آڈٹ رپورٹ جائزہ کیلئے طلب

پبلک اکائونٹس کمیٹی:کورونا آڈٹ رپورٹ جائزہ کیلئے طلب

ایکسپورٹ زونز اتھارٹی میں بھرتیوں کا معاملہ دوبارہ زیر غور لانے کی ہدایت گاڑیوں میں ہر چیز غیر معیاری ہے ، سکیورٹی فیچرز ہی نہیں: منزہ حسن

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)پبلک اکائونٹس کمیٹی نے کورونا سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ جائزہ کیلئے طلب کرلی جبکہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کا معاملہ دوبارہ محکمانہ اکائونٹس کمیٹی میں زیر غور لانے کی ہدایت کردی۔ چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہماری آدھی اسمبلی تو جعلی ڈگریوں پر بیٹھی ہوئی ہے ۔ پی اے سی کا اجلاس رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہوا۔ آڈیٹر جنرل نے کہا کورونا آڈٹ رپورٹ 29 ستمبر کو پارلیمنٹ میں پیش ہوگئی تھی۔ چیئرمین کمیٹی نے سیکرٹری کمیٹی سے کہا رپورٹ چیک کرکے ادھر لے آئیں۔ آڈٹ حکام نے کہا ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی میں 2012-13 میں 584 ملازمین کو بھرتی کیا گیا تھا، ایف آئی اے نے انکوائری کرکے کہا 92 ملازمین خلاف ضابطہ بھرتی ہوئے لیکن اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی، باقی ملازمین کا معاملہ ابھی ایف آئی اے نے فائنل کرنا ہے ۔ سیکرٹری صنعت پیداوار نے کہا 92 میں سے 35 کو معطل کردیا گیا۔ رکن کمیٹی مشاہد حسین نے کہا لوگوں کو نوکریوں سے نکالنا زیادتی ہوگی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا آڈٹ حکام دوبارہ اس معاملے کو دیکھ لیں، دو ہفتے کے اندر ڈی اے سی کا اجلاس کرکے سارے پہلوئوں کو دیکھیں۔ منزہ حسن نے گاڑیوں کے معیار کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا گاڑیوں میں ہرچیز غیر معیاری ہے ، سکیورٹی فیچرز ہی نہیں۔ سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا ہم نے نئی آٹو پالیسی سرکولیٹ کردی ہے ، ہم اسے کابینہ میں لے کر جا رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں