پاکستان سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی:آئی ایم ایف
پروگرام کے مختلف پہلوئوں،اقدامات کے بارے گفتگوجاری:ریجنل ڈائریکٹر مذاکرات مثبت انداز میں، ڈیل کی خوشخبری جلد ملے گی:گورنرسٹیٹ بینک
اسلام آباد،واشنگٹن(خبرنگارخصوصی،صباح نیوز) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام پر پاکستان سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف مشن مختلف تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے ۔ واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی وسطیٰ و ایشیائی ممالک جہاد ازعور نے صحافیوں کو بتایا آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے مابین 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے چھٹے جائزے پر بات چیت بہت اچھی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا آئی ایم ایف مشن اور حکام فی الحال پروگرام کے چھٹے جائزے کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں اور پروگرام کے مختلف پہلوئوں اور ان اقدامات کے بارے میں گفتگو کی جارہی ہے جن پر حکومتِ پاکستان فی الحال غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے ، حکام اور آئی ایم ایف مشن مختلف تفصیلات کو دیکھ رہے ہیں۔ ادھر لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا اب تک 2 لاکھ 60 ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھل چکے ہیں جن کے ذریعے 2.6 ارب ڈالر پاکستان آئے ہیں۔ رضا باقر نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کی خوشخبری جلد ملے گی، مہنگائی پوری دنیا میں ہورہی ہے ، امریکا میں جو مہنگائی ہے وہ پچھلے 30 سالوں میں نہیں ہوئی۔ تیل کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ، ایکسچینج ریٹ جون 2019 سے مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا، ادائیگیوں کا دباؤ اس لئے ہے کہ ہماری معیشت بہتر ہورہی ہے ۔