پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدود میں گھسنے سے روکدیا : قوم کا خراج تحسین

پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدود میں گھسنے سے روکدیا : قوم کا خراج تحسین

پی این لانگ رینج ایئر کرافٹ کے ذریعے آبدوز کا سراغ لگایا گیا،سمندری حدود کی سخت نگرانی کی جاتی ہے ،آئی ایس پی آر ، دنیا بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ،شیخ رشید،علی زیدی ، عثمان بزدار ،شہباز شریف ،بلاول کا پاک بحریہ کوخراج تحسین

کراچی،راولپنڈی (سٹاف رپورٹر،اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)پاک بحریہ نے جاسوسی اور جنگی مقاصد سے چوری چھپے پاکستان کی سمندری حدود میں گھسنے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو روک کر واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ 16 اکتوبر کو بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود کے قریب موجود تھی اور پاک بحریہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی تاہم پاک بحریہ کے طیارے پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی حدود سے بین الاقوامی سمندر میں دھکیل دیا۔آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سمندری حدود کی مروجہ سکیورٹی ماحول میں سخت نگرانی کی جاتی ہے اور یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحریہ کی آبدوز کا قبل از وقت سراغ لگایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ واقعہ مادر وطن کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لئے پاک بحریہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔پوری قوم نے پاکستان داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوخراج تحسین پیش کیا ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا پاک بحریہ کوسلام پیش کرتا ہوں،دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے ۔وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے پاکستان بحریہ کو مبارکباد دی ہے ۔اپنے بیان میں علی زیدی نے کہا ہمیں پاکستان بحریہ پر فخر ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے بھارتی بحریہ کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ایک مرتبہ پھر پاک بحریہ نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت، ہوشیاری اور صلاحیت کا لوہا منوایا ہے ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بھارت کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود میں دخل اندازی کی مسلسل تیسری کوشش تشویش ناک ہے ، عالمی برادری اس کا فوری نوٹس لے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں