انسانی بحران سے بچنے کیلئے افغانستان پر عالمی ہم آہنگی کی ضرورت : آرمی چیف

انسانی بحران سے بچنے کیلئے افغانستان پر عالمی ہم آہنگی کی ضرورت : آرمی چیف

جنرل قمر باجوہ سے نیٹو کے سینئر سول نمائندہ سٹیفانو پونٹیکورو کی ملاقات ، خطے میں امن، افغان صورتحال پرگفتگو ، نیٹو نمائندہ نے افغانستان سے کامیاب انخلا آپریشن میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کی کوششوں کو سراہا

لاہور(نیوز ڈیسک )چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو کے سینئر سول نمائندہ سٹیفانو پونٹیکورو نے بدھ کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، خطے میں امن و استحکام اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے کہا انسانی بحران سے بچنے کے لئے افغانستان کے معاملے پر عالمی سطح پر ہم آہنگی کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر نیٹو کے سینئر سول نمائندہ نے افغان صورتحال بشمول کامیاب انخلا آپریشن میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے افغانستان سے متعلق پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے اور نیٹو ممالک کی طرف سے تمام دو طرفہ امور کے لئے باقاعدہ شمولیت کی یقین دہانی کرائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں