پوری قوم کو کرکٹ ٹیم پر فخر : وزیر اعظم ، آرمی چیف

پوری قوم کو کرکٹ ٹیم پر فخر : وزیر اعظم ، آرمی چیف

بہترین میچ دیکھنے کو ملا:صدر ، وزیر اعظم نے جدہ میں میچ دیکھا ، کپتان کی تعریف ، بھارت کیخلاف زبر دست فتح : آرمی چیف ، شاہینوں نے قوم کو خوش کر دیا :بزدار ، شہباز شریف ، بلاول کی بھی قوم کو مبارک باد ، ٹیم کی شاندار فتح: مریم نواز

اسلام آباد ، لاہور (وقائع نگار،سیاسی رپورٹر،مانیٹر نگ ڈیسک )صدر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف نے قومی ٹیم اور قوم کو جیت پر مبارک باد دی ہے ۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ 10 وکٹ سے میچ جیتا ہمیں ٹیم پر فخر ہے ،پاک بھارت میچ میں بہترین کھیل دیکھنے کو ملا، وزیر اعظم عمران خان نے جدہ میں ٹی وی پر میچ دیکھا ، وزیراعظم کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں وہ کابینہ کے دیگر اراکین کے ہمراہ کرکٹ میچ دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان ٹیم کو اور خاص طور پر کپتان بابر اعظم کو مبارک دی اور بہترین قائدانہ کردار ادا کرنے پر کپتان کی تعریف کی ہے ۔ رضوان اور شاہین آفریدی نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قوم کو پاکستان کرکٹ ٹیم پر فخر ہے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹیم نے زبر دست کامیابی حاصل کی ، قو م کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھارت کیخلاف میچ جیتے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم اور عوام کو مبارکباددی ہے ۔انہوں نے کہا روایتی حریف سے میچ تھا، ہمارا فائنل آج تھا، ٹیم نے پوری جرت سے ولولے اور بہادری سے میچ جیتا ۔ وزیرداخلہ نے کہا انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کنٹینرز ہٹا دیں لوگوان کو جشن منانے دیں، انہوں ے کہاافسوس اس بات کا ہے کہ یہ پہلا پاک بھارت میچ ہے جو گرائونڈ میں بیٹھ کر نہیں دیکھ سکا، مجھے احساس ذمہ ساری اور قومی فریضہ کی وجہ سے میچ دیکھے بغیر ملک واپس آنا پڑا، وزیرداخلہ نے کہا ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ،آج ہماری ٹیم نے سب کے دل جیت لئے ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود ،وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو،وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے بھی جیت پر قومی کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارک باد دی ہے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم کی دعائوں سے کرکٹ ٹیم کی فتح ہوئی ،ثابت ہوا کہ ہمارے کھلاڑی مد مقابل ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آصف زرداری نے فتح پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مبارکباد دی ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں قومی ٹیم کی فتح پر قوم کو مبارک باد ، انہوں نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی سمیت پوری پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہ وقت ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک اپنی ٹیم بھیج کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ شاباش پاکستانی شاہینوشاباش۔ کاغذی شیروں کو عبرتناک شکست دے کر شاہینوں نے پوری قوم کو خوش کر دیا ۔پاکستانی شاہینوں کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست بھارت کبھی نہیں بھولے گا۔ کھلاڑیو ں نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا-یہ جیت پورے پاکستان کی کامیابی ہے ،انہوں نے کہا پاکستان کو یہ جیت اور بھارت کو یہ شکست مدتوں یاد رہے گی۔ امید ہے قومی کرکٹ ٹیم آئندہ میچوں بھی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے بھارت کو شکست دینے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ویلڈن گرین ٹیم، مریم نواز بھی کہتی ہیں کہ قومی ٹیم کی کیا زبردست شاندار فتح ہے ۔قومی ٹیم کی کامیابی پر شہباز شریف نے کہا کہ کیا میچ تھا کہ دونوں ٹیموں میں میچ ہی نہیں تھا پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی جیت پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں