سب کو مذہبی آزادی حاصل، آئین کی پاسداری کرتے رہیں گے : چیف جسٹس
آئین اور قانون کے تحت ہندوؤں سمیت تمام اقلیتوں کو حقوق دینگے ،سپریم کورٹ عبادت گاہوں کی حفاظت کریگی ، پوری کوشش کرتے ہیں ہندوؤں کے مسائل حل کریں ، حیدرآباد میں نوراتری کے میلے میں ہندو برادری سے خطاب
حیدرآباد(نمائندہ دنیا) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی پاسداری کرتے رہیں گے ،پاکستان میں سب کو مذہبی آزادی ہے اور یہ مذہبی آزادی قائد اعظم محمد علی جناح نے دی۔ وہ حیدرآباد جی او آر کالونی میں شیو مندر میں نوراتری کے میلے کے موقع پر ہندو برادری کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ بہت سارے مندروں کے معاملات میرے سامنے آئے ہیں، ہندو برادری کی جتنی بھی املاک پر قبضے ہیں انہیں واپس کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین نے کہا ہے کہ ہر مذہب کے لوگوں کی بات سننی ہے ، آئین اور قانون کے تحت ہندوؤ ں سمیت تمام اقلیتوں کو حقوق دیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کے بہت سارے مقدمات عدالت میں آتے ہیں، ہم پوری کوشش کرتے ہیں کہ ہندوؤں کے مسائل حل کریں ، انہوں نے کہا کہ جتنی بھی عبادت گاہیں ہیں ان کی سپریم کورٹ حفاظت کرے گی، ہٹڑی مندر ،بھونگ شریف مندر اور دیگر مذہبی مقامات کی سپریم کورٹ نے ہمیشہ حفاظت کی ہے ، انہوں نے نوراتری کے موقع پر ہندو برادری کو مبارک باد بھی پیش کی۔