مالم جبہ ،کالام و دیگرپہاڑی علاقوں میں پہلی برفباری

مالم جبہ ،کالام و دیگرپہاڑی علاقوں میں پہلی برفباری

خیبر لنڈی کوتل میں بارش، ژالہ باری،دوگاڑیاں سیلابی ریلے کی نذر ، جڑواں شہروں میں بارش،موسم سرد ہوگیا،آج موسم خشک رہے گا

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،صباح نیوز) جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں باران رحمت کے نزول کے باعث موسم سرد ہوگیا جبکہ سوات کے سیاحتی علاقے مالم جبہ سمیت کالام اور دیگر پہاڑی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ لوگوں نے ایک دن کی بارش کے بعد باقاعدہ طورپر گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردیا، گزشتہ صبح مینگورہ شہر سمیت ضلع کے طول وعرض میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ مالم جبہ، میاندم اور کالام کے پہاڑوں پرموسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ، سیاحتی مقامات پر ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے سیاح برفباری کے مناظر سے خوب لطف اندوزہوئے اور انہوں نے برف باری کے مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا، ادھرخیبر لنڈی کوتل میں بارش اور ژالہ باری کے باعث سیلابی ریلے میں پاک افغان شاہراہ اور علاقہ شیخ مل خیل میں 2 گاڑیا ں بہہ گئیں،واقعہ کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے سیلابی ریلی میں بہہ جانے وا لی گاڑیوں کو نکال دیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔گزشتہ روز اسلام آباد، بالائی /وسطی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی اضلاع میں بعض پہاڑی مقامات پربرفباری ہو ئی، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختو نخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ، جڑواں شہروں میں بھی باد ل کھل کر برسے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم خشک جبکہ پہا ڑی علا قوں میں سرد رہے گا۔تا ہم گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہا ڑی علا قوں میں چند مقامات پر تیز ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں