مہنگائی کیخلاف کئی شہروں میں سیاسی جماعتوں کا احتجاج جاری : سندھ، بلوچستان شاہراہ پر ٹریفک معطل
لاہور میں جماعت اسلامی کا مظاہرہ ،فیصل آباد میں ن لیگ کی گھنٹہ گھر چوک تک ریلی ، گوجرانوالہ میں احتجاجی مظاہرہ ، کراچی ، ملتان ، ساہیوال ، اوکاڑہ ،میاں چنوں ،سرگودھا اور قصور،حیدر آباد ودیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں
لاہور ،چکوال، پشاور، فیصل آباد ، گوجرانوالہ (سیاسی نمائندہ، نیوز رپورٹر ، نمائندگان )اپوزیشن جماعتوں کا مہنگائی کے خلاف کئی شہروں میں احتجاج جاری رہا ، سندھ ، بلوچستان شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی ۔مختلف شہروں میں سیاسی کارکنوں نے دھرنے دیئے اورریلیاں نکالیں ۔اے این پی کے زیراہتمام آج خیبر پختونخوابھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائینگے جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ منصورہ وحدت روڈ پر جماعت اسلامی غربی لاہور کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ شرکا نے مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پوری قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے ۔ فیصل آباد میں مسلم لیگ نواز نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا ، پاکستان مسلم لیگ نواز کے کارکنوں اور ضلعی قیادت کی جانب سے ضلع کونسل چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک ریلی نکالی گئی ۔مسلم لیگ ن چکوال کے زیر اہتمام مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ گوجرانوالہ میں بھی ن لیگ کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، سرگودھا میں حکومت کی حلیف سمجھی جانے والی عوامی تحریک بھی مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی، عوامی تحریک کے زیر اہتمام مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، نواب شاہ میں بھی پی ڈی ایم نے مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے ،ملتان میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،میاں چنوں میں بھی ن لیگ کے مظاہرے ہوئے ،حیدر آباد میں جماعت اسلامی نے مظاہرہ کیا ، مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ساہیوال میں مہنگائی کے خلاف جوگی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، احتجاجی شرکا نے ووٹ کو عزت دو اور مہنگائی کے خلاف نعرے لگائے ۔ جماعت اسلامی ساہیوال کے زیر اہتمام مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ٹینکی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔اوکاڑہ دیپالپور چوک میں بھی جماعت اسلامی نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ قصور میں ملتان روڈ ،پتوکی میں سول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں کی جانب سے مہنگائی کے خلاف ریلی نکالی گئی۔قصور کے نواحی علاقے ملتان روڈ کے مقام سے مہنگائی کے خلاف جے یو آئی ف کے رہنما کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر حیدرآباد، نوابشاہ، دادو، بدین، گولارچی، ٹنڈو باگو، شادی لارج اور تلہار میں مظاہرے کئے گئے ۔