پاکستان کسی ٹکرائو اور محاذآرائی کا متحمل نہیں :گورنرپنجاب
اپوزیشن کو احتجاج کے بجائے انتخابات کا انتظار کرناچاہیے :چودھری سرور ، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی ملاقات،سیاسی ، حکومتی امور پر گفتگو
لاہور (سیاسی رپورٹرسے ) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان کسی ٹکرائو اور محاذآرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے اپوزیشن جماعتوں کوٹکرائو اور سڑکوں پر احتجاج کی پالیسی اپنانے کی بجائے عام انتخابات کاانتظار کر نا چاہیے ،عوام نے پانچ سال کا مینڈ یٹ دیا ،آئینی مدت پور ی کر نا تحر یک انصاف کا آئینی اور جمہوری حق ہے ۔حکومت عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔وہ گور نر ہائوس لاہور میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ، اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں قانون سازی ،سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی ۔گورنر سرور نے کہا حکومت ملک میں آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر کام کر رہی ہے ۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ اپوزیشن کا حکومت کے خاتمے کا خواب پہلے پورا ہو ا نہ اب ہوگا ۔ اتحادی جماعتیں اور عوام حکومت کیساتھ کھڑے ہیں ،اپوزیشن سے خطرہ نہیں، عمران خان بطور وزیر اعظم اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر یگی ۔