دنیا مسئلہ کشمیر کی قراردادوں پر عملدرآمدکرائے :شاہ محمود

 دنیا مسئلہ کشمیر کی قراردادوں پر عملدرآمدکرائے :شاہ محمود

اقوام متحدہ کی رکن ریاستوں کے ہاتھ میں ہاتھ ملاکرکام کرنے کوتیارہیں

اسلام آ باد (وقائع نگار،آئی ا ین پی )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمدکرائے ۔پاکستان اقوام متحدہ کی رکن ریاستوں کے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اہداف کے حصول کی خاطرکام کرنے کے لئے تیار ہے ۔پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے منشور کو سربلند کیا ہے ،عالمی تعاون، مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور پرچارکر رہے ہیں ، یوم اقوام متحدہ کے موقع پرا پنے پیغام میں شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے قیام کی 76ویں سالگرہ منارہا ہے ۔ اقوام متحدہ بنی نوع انسان کو درپیش کورونا عالمی وبا ،اس کے نتیجے میں جنم لینے والے معاشی بحران اور ماحولیاتی تغیر کے خطرات جیسے مشترکہ مسائل کے حل کی بہترین جگہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران پاکستان نے سفارتی مشن، اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے حکام و کارکنوں کے افغانستان سے انخلا اور انہیں متعلقہ مقامات تک پہنچانے میں سہولت کاری کا کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام کو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی و ترسیل میں راہداری کی فراہمی میں پاکستان اپنی مدد اور تعاون جاری رکھے گا، اقوام متحدہ کا منشور ہمارے اس اجتماعی عزم وارادے کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے کہ عالمی قانون اور پرامن بقائے باہمی کی بالادستی ہو۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کا دن مناتے ہوئے میں عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ تنازع کشمیر پر سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے کام کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں