آزاد حکومت کا 74واں یوم تاسیس ، پرچم کشائی کی تقریبات

آزاد حکومت کا 74واں یوم تاسیس ، پرچم کشائی کی تقریبات

وہ دن دور نہیں جب ہم اپنا یوم آزادی سرینگر میں منائیں گے ، قائم مقام صدر ، عالمی ادارے قراردادوں پر فوری عملدرآمد کروائیں ، وزیراعظم ، وزیر امور کشمیر

مظفرآباد( ایجنسیاں )آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا 74واں یوم تاسیس ریاست بھر میں ملی جوش و جذبے کیسا تھ منا یا گیا ۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد، میر پور، نکیال اور راولا کوٹ سمیت مختلف شہروں میں یومِ تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم بلند کئے گئے ۔مظفر آباد ہائی کورٹ پریڈ گراؤنڈ میں مرکزی تقریب ہوئی، جس میں قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے قومی پرچم لہرایا۔میر پور میں میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی ، نکیال اور راولا کوٹ سمیت مختلف شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں شہریوں، سول سوسائٹی، وکلاء اور انتظامی آفیسرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مرکزی تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے خطاب کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ آج اس قومی دن کو منانے کا مقصد تاریخ کو درست رکھنا اور آنے والی نسلوں میں تحریک کی جدوجہد کو منتقل کرنا ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزادہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور ہم اپنا یوم آزادی سرینگر میں منائیں گے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیاز ی نے کہا کہ کشمیریوں نے قیام پاکستان سے قبل الحاق پاکستان کا نعرہ بلند کیا ہے ۔ 24 اکتوبر ریاست جموں کشمیر کی تاریخ کا اہم دن ہے جب ریاست کی آزادی کے لئے بیس کیمپ کی آزاد حکومت قائم ہوئی ۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بھارت مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا، عالمی ادارے کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد کروائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں