پاکستان نے جیت کا دھماکا کرکے نیوزی لینڈ کے پرخچے اڑا دیئے

پاکستان نے جیت کا دھماکا کرکے نیوزی لینڈ کے پرخچے اڑا دیئے

ٹی 20ورلڈ کپ کا دوسرا میچ بھی قومی ٹیم کے نام ، آصف علی نے 3 چھکے لگا کر پانسہ پلٹ دیا ،مرد میدان حارث رئوف کی 4 وکٹیں ، سیمی فائنل میں آنے کا امکان روشن ، ملک بھر میں جشن ، آتشبازی ، نعرے ، ہوائی فائرنگ، ٹیم نے دورہ منسوخی کی مایوسی کیویز کو ہرا کرنکا لی، واہ واہ مزہ آگیا ، صدر ، وزیر اعظم ،سیاسی رہنمائوں کی ٹیم کو مبارکباد

شارجہ ، لاہور، اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ، دنیا مانیٹرنگ، ایجنسیاں )ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں پاکستان نے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے پر خچے اڑا کر دھماکا خیز فتح اپنے نام کرلی، ملک بھر میں خوشی کا اظہار کیا گیا اور جشن منایا گیا ۔ کیویز ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل دورئہ پاکستان اچانک منسوخ کر دیا تھا اس کے بعد دونوں ٹیمیں پہلی بار کسی میچ میں مدِ مقابل تھیں ، ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم اپنا افتتاحی میچ ہاری ، اس فتح کے نتیجے میں پاکستان گروپ ٹو میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آ گیا اور اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانا ت روشن ہوگئے ، میچ کے اختتام پر کئی علاقوں میں شائقین کرکٹ جشن منانے کیلئے گھروں سے باہر نکل آئے ،سڑکوں پر بھنگڑے ڈالے ، نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،پاکستان زندہ باد اور قومی ٹیم کے حق میں نعرے لگائے ، آتشبازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی ، قومی ٹیم نے اتوار کو اپنے پہلے میچ میں بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ قومی ٹیم نے شعیب ملک اور آصف علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 135 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، آصف علی نے زخمی ہونے کے باوجود جارحانہ بیٹنگ کی اور 3 چھکے مار کر پانسہ پلٹ دیا ، انہوں نے 27 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے ، حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں نے ابتدائی لمحات میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم 6 ویں اوورز میں کپتان 9 سکور بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ دوسرا نقصان 47 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان سپنر سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ حفیظ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی ، اس دوران انہوں نے 5 گیندوں پر 11 رنز بنائے تھے کہ سپنر سینٹنر کی گیند پر کونوے نے شاندار کیچ تھاما۔ رضوان 33 گیندوں پر 33 رنز بنا کر سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ عماد وسیم 10 سکور بناکر ٹرینٹ بولٹ کا شکار ہو گئے ۔شعیب ملک 20گیندوں پر ایک چھکے 2چوکوں کی مدد سے 26رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ میچ کے فنشر آصف نے 12گیندوں پر3چھکوں اورایک چوکے کی مدد سے 27رنز کی طوفانی اننگزکھیلی۔ بلیک کیپس کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا اوور ہی میڈن کروایا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹر مارٹن گپٹل تھے جنہوں نے 20گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 17رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے ۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے مچل تھے جنہوں نے 20 گیندوں پر 27 رنز بنائے ۔ جیمی نیشم 2 گیندوں پر ایک سکور بنا کر حفیظ کا نشانہ بن گئے ۔ کپتان ولیم سن 25رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیون کونوے 27رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے ، گلین فلپس بھی 13سکور بناکر حارث کا نشانہ بنے ،ٹم سیفرٹ 8رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جبکہ 8ویں آؤٹ ہونے والے بیٹر مچل تھے جو حارث کی گیند پر پویلین لوٹے ۔ 4کیوی بیٹرز کا شکارکرنے والے حارث رؤف مرد میدان قرارپائے ۔پاکستان کی جیت پر صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنمائوں نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ صدر کا کہنا تھا جیت پر خوش ہوں ، مزہ آگیا،واہ واہ،پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹور منسوخی کی مایوسی نیوزی لینڈ کو گرائونڈ میں ہرا کر نکالی،فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج پاکستان کو جو کامیابی ملی ہے اس سے ثابت ہوا کہ کامیابی ٹیم ورک سے ملتی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ٹیم کو اصل غصہ تو نیوزی لینڈ پر تھا، بھارت تو ویسے ہی راستے میں آگیا،شکریہ ٹیم پاکستان آپ کی کامیابیاں کروڑوں لوگوں کو خوشیاں دیتی ہیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے گرین شرٹس کو شاباش۔ ٹویٹ میں کہا پاکستانی کرکٹ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ، وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ویلڈن شاہینو! قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا سورما ئوں کے بعد کیویز بھی شاہینوں کا نشانہ بن گئے ، پاکستان زندہ باد ، آصف زرداری ،ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی قوم اور ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ چینی سفیر نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حیرت انگیز کارکردگی دکھائی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں