مہنگائی و بیروزگاری : 29 اکتوبر کا احتجاج تاریخی ہوگا : بلاول بھٹو

مہنگائی و بیروزگاری : 29 اکتوبر کا احتجاج تاریخی ہوگا : بلاول بھٹو

مہنگائی، بیروزگاری اور غربت میں اضافے کے بعد عوام کو ایسے بحرانوں میں پی پی کا کردار یاد دلانے کی ضرورت ، عوام کو جمہوری و معاشی حقوق چھین کر لینا ہوں گے ، کارکنوں سے خطاب،خورشید شاہ کی ملاقات،رہائی پر مبارکباد

لاڑکانہ(بیورورپورٹ،دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج ملک میں تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں اضافے کے بعد عوام کو ایسے بحرانوں میں پی پی پی کا کردار یاد دلانے کی ضرورت ہے ، پیپلز پارٹی کے دور میں نہ صرف روزگار ملا بلکہ تنخواہوں اور پنشن کی مد میں بھی اضافہ ہوا، جمعہ 29 اکتوبر کو مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ تاریخی حیثیت کا حامل ہوگا، عوام کو اپنے جمہوری و معاشی حقوق چھین کر لینا ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ کی سچل کالونی کی یوسی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ شہر کی یوسیز کا دورہ کر کے خوشی ہو رہی ہے ، پارٹی ورکرز میرے بازو اور طاقت ہیں جو مقامی سطح پر میری نمائندگی کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اپنے ورکرز پر کھڑی ہے ، ورکرز ہر گلی محلے میں کام کر رہے ہیں جس کا فائدہ پارٹی کو ہوتا ہے ، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے ، جب بھی اقتدار ملا عوام کی خدمت کی ہے ۔دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے نوڈیرو میں بھٹو ہاؤس میں ملاقات کی ۔چیئرمین نے خورشید شاہ کو ضمانت کے بعد جیل سے رہائی پر مبارک باد دی ۔ انہوں نے خورشید شاہ سے کہا آپ کی ثابت قدمی اور اصولوں پر ڈٹے رہنا قابل ستائش ہے ،احتساب کی آڑ میں سیاسی انتقام پر مبنی کارروائیاں ملک میں انتشار کو جنم دے رہی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں