ڈالر176، سونا 1لاکھ 32 ہزار روپے کی بلند سطح پر : سٹاک ایکسچینج میں مندی 40ارب ڈوب گئے

ڈالر176، سونا 1لاکھ 32 ہزار روپے کی بلند سطح پر : سٹاک ایکسچینج میں مندی 40ارب ڈوب گئے

پہلی بارانٹربینک میں ڈالر 175.30،اوپن میں 176.20روپے پر ،آئی ایم ایف شرائط سے ہلچل ہے ،ماہرین ، رواں ماہ سونا 18500 روپے مہنگاہوا،163پوائنٹس کم‘ انڈیکس45255پربند، 6کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین

کراچی (بزنس رپورٹر ،دنیا نیوز)ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں روپیہ تاریخ کی بدترین گراوٹ کا شکار ہے ، یہ پہلا موقع ہے کہ ڈالر کے سامنے پاکستانی روپیہ ہر گزرتے دن کیساتھ تیزی سے کمزور ہو رہا ہے جس کی وجہ سے انٹر بینک میں ڈالر175روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 176روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے ،ادھرملک بھر میں سونے کی قیمت یکدم 4ہزار200روپے بڑھ گئی اور فی تولہ سونا تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 32ہزارپر جاپہنچا،رواں ماہ سونے کی قیمت میں 18 ہزار 500 روپے تولہ اضافہ ہوا ، اس سے قبل سونا 7 اگست 2020 کو 1 لاکھ 32 ہزار روپے کی ترین سطح پر آیا تھا،دوسری جانب سٹاک ایکسچینج میں اتارچڑھاؤ کے بعدمندی رہی ،پورے کاروباری روز 0.36 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ سرمایہ کاروں کو 40ارب روپے سے زائد کا خسارہ ہوا۔فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں ڈالر 75پیسے کے اضافے سے 174.55روپے سے بڑھ کر175.30روپے اوراوپن مارکیٹ میں 90پیسے کے اضافے سے 175.30روپے سے بڑھ کر176.20روپے پر جا پہنچا ،اسی طرح یورو ایک روپے مہنگا ہوکر204روپے کا ہوگیاجب کہ 2روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاؤنڈ242.20روپے پر جا پہنچا۔ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے نتائج میں تاخیر اور روپے کی قدر میں کمی کی شرائط کی افواہوں پر کرنسی مارکیٹ میں ہلچل ہے ،جولائی سے اب تک روپے کی قدر 11 فیصد تک گر چکی ہے ، انٹر بینک مارکیٹ میں ٹھہراؤ اور آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی منظوری تک روپے پر دباؤ جاری رہ سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں عالمی بلین مارکیٹ میں سونادوڈالر کے اضافے سے 1804ڈالرفی اونس کا ہوگیا ،بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 4200روپے کے اضافے سے ایک لاکھ32ہزاروردس گرام 3600روپے کے اضافے سے 1لاکھ13ہزار168روپے کی بلند سطح پر جاپہنچا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت50روپے کے اضافے سے 1520روپے ہوگئی۔مزید برآں سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز 20سال کے بعدنئے ٹریڈنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد سے منگل کو کاروباری سرگرمیوں کی رپورٹ میں تعطل دیکھا گیا، گزشتہ روز سٹاک ایکسچینج میں مندی رہی، 100انڈیکس 163پوائنٹس گھٹ کر45255 پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی ،پورے کاروباری روز 0.36 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ حصص مارکیٹ میں 6 کروڑ 93 لاکھ 34 ہزار 709 شیئرز کا لین دین ہوا،مندی کے باعث تقریباً سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں