نوازشریف کی 1128کنال اراضی نیلام کرنے کیلئے اشتہار جاری

نوازشریف کی 1128کنال اراضی نیلام کرنے کیلئے اشتہار جاری

کینٹ میں 135اپر مال پر کمرشل ،رائیونڈ میں 2زرعی جائیدادوں کی نیلامی کا تخمینہ 4ارب 15کروڑ روپے ، نیلامی 19نومبر کو اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ہوگی،ضلعی انتظامیہ نے تیاریوں کے حوالے سے احکامات دیدئیے

لاہور (عمران اکبر )سابق وزیر اعظم نوازشریف کی 1128کنال اراضی نیلام کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اشتہار جاری کردیا ۔ دوتحصیلوں میں واقع جائیدادوں کی نیلامی 19نومبر بروز پیر اسسٹنٹ کمشنرز آفس میں ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزاعظم کے نام تحصیل رائیونڈ میں دو زرعی اراضی ہیں جبکہ تحصیل کینٹ میں 135اپر مال پر کمرشل جائیداد ہے ۔ 1128کنال زمین کا تخمینہ چار ارب 15کروڑ روپے لگایا گیا ہے ،موضع میاں میر ،مانک اور بدوکی ثانی کی جائیدادیں نیلام کی جائیں گی ۔ موضع میاں میر فی کنال سرکاری بولی 8کروڑ 55لاکھ سے شروع ہو گی ۔موضع میاں میر 135 اپر مال پر واقع دو کنال 8 مرلہ کمرشل پلاٹ نیلام کیا جائے گا ۔ تخمینہ 20کروڑ48لاکھ 32ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔تحصیل رائیونڈ میں موضع مانک فی ایکڑ رقبہ کا تخمینہ 2کروڑ60لاکھ رکھا گیا ۔موضع مانک کی 936 کنال 10 مرلہ زرعی اراضی کی نیلامی 3ارب 4کروڑ میں کی جائے گی۔موضع بدوکی ثانی میں فی ایکڑ 4کروڑ 48لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔موضع بدوکی ثانی میں 279 کنال زرعی اراضی کی نیلامی 91کروڑ 34لاکھ روپے میں ہوگی ۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے نیلامی کی تیاریوں کے حوالے سے احکامات جاری کر دئیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں