اقدار پر مبنی پاکستان کا بیانیہ وقت کی ضرورت:صدر
پاکستان کی ثقافت تمام صوبوں اور قومیتوں کے رسوم و رواج کا حسین امتزاج ہے ، صحت مند جوان پروگرام خواتین ، بچوں کیلئے مددگار ہو گا،کانفرنس،اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(سیا سی رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مکمل ہم آہنگی اور قوم کے ثقافتی تنوع کو اتحاد میں بدلنے کے لیے امن و رواداری کی اقدار پر مبنی پاکستان کا ثقافتی بیانیہ وقت کی ضرورت ہے ۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ‘قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی’ کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت تمام صوبوں اور قومیتوں کے رسوم و رواج کا حسین امتزاج ہے ۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاکہ یکساں نصاب تعلیم میں ہر صوبے کی ثقافت کا رنگ اور نمائندگی موجود ہے ۔علاوہ ازیں صدر نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی رسائی بڑھانے پر زور دیا ہے تاکہ پورے ملک اور بالخصوص پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں احتیاط اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ صحت کے شعبے کو طبی پیشہ ور افراد اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کی وجہ سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ، صحت مند جوان پروگرام کمیونٹی کی سطح ،خاص طور پر خواتین اور بچوں کو صحت کی خدمات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت صحت مند جوان پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کے دوران کیا۔