حکومت ملک کو ناکام ریاست کی جانب لیجارہی:شہبازشریف

حکومت ملک کو ناکام ریاست کی جانب لیجارہی:شہبازشریف

ڈبل ٹیکسیشن جرم،مہنگائی سے معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش حماقت

لاہور ( اپنے سیاسی رپورٹر سے ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور دیگر اشیائکی قیمتوں میں مزید اضافے کی پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی ومعاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔عوام کے معاشی آئینی حقوق کے تحفظ پر سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔صرف اشیائمہنگی کرنے سے معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش سراسر حماقت ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 سے 9 روپے مزید اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے ۔16 اکتوبر کو حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لٹر تک پہلے ہی اضافے کا ظلم عوام پر ڈھا چکی ہے ۔باربار خبردار کررہا ہوں حکومت کو قومی معاشی خودکشی سے روکنا ہوگا ورنہ ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے ۔بار بار منی بجٹ لا کر حکومت نے ثابت کیا کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس، سنجیدہ اور قابل عمل معاشی پلان نہیں۔سیاسی انتشار اور معاشی تباہی دونوں مل کر پاکستان کو ناکام ریاست کی منزل کی طرف لے جارہے ہیں ، ملک کو اس سے بچانا ہوگا۔عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے ، آئین اور قانون کے تحت ڈبل ٹیکسیشن جرم ہے لیکن حکومت ڈھٹائی سے قوم کو لوٹ رہی ہے ۔ٹیکس کا تعلق عوام کی قوت خرید اور قومی ترقی کی شرح سے ہے ، مرتے عوام پر مزید بوجھ ڈالنا صرف ظلم ہے ۔عوام اس ظلم کے خلاف باہر نکلیں اور حکومت سے ظلم کرنے کا اختیار چھین لیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں