سعودیہ پاکستان کو 3ارب ڈالرنقد اور ادھارتیل دیگا

 سعودیہ پاکستان کو 3ارب ڈالرنقد اور ادھارتیل دیگا

فنڈ برادر ملک کی معیشت کیلئے ہمارے موقف کا پختہ ثبوت:سعودی ترقیاتی فنڈ ، اعلان خوش آئند،تجارت،زرمبادلہ ذخائرپردبائوکم ہوگا:فواد،حماداظہر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے پاکستان کیلئے ایک بار پھر معاشی امدادی پیکیج کا اعلان کردیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب سٹیٹ بینک سپورٹ فنڈ میں 3 ارب ڈالر جمع کروائے گا، رواں سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی فراہم کیا جائے گا۔ سعودی ترقیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ فنڈ برادر ملک پاکستان کی معیشت کی مضبوطی کیلئے سعودی عرب کے موقف کا پختہ ثبوت ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ کیا ہے کہ سعودی عرب کا پاکستان کے مرکزی بینک میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان خوش آئند ہے ، اس سال کے دوران ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی مالی اعانت بھی کرے گا۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب سٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرے گا جبکہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کا تیل ادھار کی بنیاد پر فراہم کرنے کی سہولت بھی دے گا۔ اس سے عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ہماری تجارت اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دبائو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں