سعودی عرب کا امدادی پیکج، ڈالر 2.49 روپے سستا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی، آئی ایم ایف کیساتھ بھی معاہدے کے قریب ہیں: وفاقی وزرا

سعودی عرب کا امدادی پیکج، ڈالر 2.49 روپے سستا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی، آئی ایم ایف کیساتھ بھی معاہدے کے قریب ہیں: وفاقی وزرا

انٹربینک میں ڈالر175روپے 27پیسے سے 172روپے 78پیسے پرآگیا،اوپن مارکیٹ میں2روپے 10پیسے کمی ہوئی،سٹاک مارکیٹ کاانڈیکس564پوائنٹس بڑھ گیا ، معاہدے کی زیادہ تفصیل نہیں بتاسکتا،سعودی پیکیج کی شرائط میں تبدیلی نہیں ہوئی،پاکستان سب سے سستاملک،شوکت ترین،امیدہے 6ماہ میں مہنگائی کم ہوگی،حماداظہر

کراچی(بزنس رپورٹر،دنیانیوز)سعودی عرب سے ملنے والے اربوں ڈالر کے امدادی پیکیج اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہونے کی اطلاعات کے بعد ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بحال ہونے لگی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو زبردست تیزی رہی، کے ایس ای100 انڈیکس 564 پوائنٹس کے اضافے سے 45791 پر بند ہوا۔ سٹیٹ بینک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اعداد وشمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں زبردست بحالی دیکھنے کو ملی۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 2 روپے 49 پیسے سستا ہوگیا۔ انٹر بینک میں بڑی گراوٹ کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 175 روپے 27 پیسے سے کم ہو کر 172 روپے 78 پیسے ہوگئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 174 روپے 40 پیسے میں فروخت ہونے لگا۔ یورو 2.50 روپے کی کمی سے 201.50 روپے اور برطانوی پاؤنڈ 3 روپے کی نمایاں کمی سے 239.20 روپے کا ہوگیا۔ گزشتہ تین سے چار ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل تیزی سے اضافہ دیکھنے کو مل رہا تھا۔ معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں اضافہ سعودی فنڈنگ سے متعلق اعلان کا نتیجہ ہے جسے وسیع پیمانے پر مثبت سرپرائز کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو بیرونی اکاؤنٹ کو تقویت دینے کیلئے ضروری ہے ، سعودی پیکیج سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا جو حالیہ چند ماہ سے گراوٹ کا شکار ہے ۔ دوسری طرف سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی، کے ایس ای 100 انڈیکس 564 پوائنٹس کے اضافے سے 45791 پر بند ہوا، اس دوران سرمایہ کاروں کو 71 ارب کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 79 کھرب روپے کے قریب پہنچ گیا جبکہ 73.57 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام، پٹرولیم، سٹیل سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46ہزار پوائنٹس کی بلند سطح کو عبور کرگیا تاہم تکنیکی کریکشن کے سبب انڈیکس بلند سطح کو برقرار نہ رکھ سکا تاہم مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 234 پوائنٹس کے اضافے سے 17911 پوائنٹس جبکہ آل شیئرز انڈیکس 30988 پوائنٹس سے بڑھ کر 31305 پوائنٹس پر بند ہوا، مجموعی سرمایہ بڑھ کر 78 کھرب 89 ارب روپے ہوگیا۔ اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی، نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر خزانہ شوکت ترین اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں، معاملات جلد طے پا جائیں گے ، دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں سب سے کم ہیں۔ شوکت ترین نے کہا سعودی پیکیج کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، سعودی عرب نے سابقہ شرائط پر نیا پیکیج دیا جس کے تحت تین اعشاریہ دو فیصد شرح سے سود ادا کیا جائے گا، سعودی پیکیج کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان دنیا میں سب سے سستا ملک ہے ۔ حماد اظہر نے کہا امید ہے عالمی منڈی میں اگلے چھ ماہ میں مہنگائی کم ہوگی جس کا فائدہ عوام کو دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا سعودی عرب پاکستان کو ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی صورت میں 1.2 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا اور اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ہمیں ماہانہ 100 ملین ڈالر کی معاونت ملے گی۔ ہم 150 ملین ڈالر کی توقع کر رہے تھے لیکن سعودی عرب نے اس کی ایڈجسٹمنٹ اس طرح کی ہے کہ 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں جمع کرائے ہیں اور اس طرح مجموعی سالانہ پیکیج 4.2 ارب ڈالر کا ہو جائے گا۔ تیل کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ روپے پر دباؤ کے تناظر میں سعودی عرب سے 4.2 ارب ڈالر کا یہ پیکیج ہمارے لئے زیادہ مفید ہے ۔ سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کی ان کی نظر میں خصوصی اہمیت ہے ۔ انہوں نے کہا سعودی وزیر خزانہ نے فون کرکے بتایا وہ پاکستان کیلئے فنڈز جاری کر رہے ہیں۔ شوکت ترین نے کہا تیل مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی اضافے کی صورتحال میں بھی عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ماضی کی نسبت پٹرولیم لیوی کے حوالے سے اگر ہم دیکھیں تو اس وقت قیمتوں میں بہت زیادہ فرق ہے اور پاکستان میں قیمتیں کم ہیں۔ شوکت ترین نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ تقریباً تمام معاملات طے ہو چکے ہیں جس کے مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا معاہدہ کرکے نکلا تھا، ایک آدھ چیز رہتی ہے وہ جلد ہوجائے گی، معاہدے کی زیادہ تفصیل نہیں بتاسکتا، غیر یقینی صورتحال جلد ختم ہوجائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان دنیا میں اس وقت سستا ترین ملک ہے کیونکہ اگر ہمارے لوگوں کی قوت خرید اور آمدنی کم ہے تو اشیا کی قیمتیں بھی اسی تناسب سے کم ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کورونا کے باعث مہنگائی دنیا بھر میں آئی، عالمی منڈی میں ہر چیز کی قیمتیں دو سے تین گناہ بڑھی ہیں، اس وقت چند ممالک کے سوا پاکستان میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہیں، دنیا میں ہر جگہ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ حماد اظہر نے کہا دنیا کا امیر ملک ہو یا غریب وہاں تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا تیل کی قیمتیں کم رکھنے کیلئے حکومت اگست 2020 سے اب تک پی ڈی ایل اور سیلز ٹیکس کی مد میں 450 ارب روپے کی چھوٹ دے چکی ہے ۔ ہمارے اوپر مالیاتی دباؤ بھی بڑھ رہا ہے کہ ہم نے ٹیکس بہت کم کر د ئیے ہیں۔ انہوں نے کہا گیس کی قیمت میں 2019 سے آج تک اضافہ نہیں کیا گیا۔ یورپ میں گیس کی قیمت میں 5 سے 10 گنا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کوشش کررہے ہیں کہ یوریا کھاد کی قیمت کم کریں۔ یوریا کی بوری 1700 سے 1800 روپے میں مل رہی ہے جبکہ دنیا میں بین الاقوامی منڈی میں قیمت 7 ہزر روپے ہے ۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ اگلے 6 ماہ تک دنیا بھر میں اشیاء خوردنی اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگی جس کے مثبت اثرات پاکستان میں بھی پڑیں گے ۔ حماد اظہر نے کہا ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 26 نکات پر پیشرفت مکمل ہوگئی ہے ، منی لانڈرنگ کے حوالے سے نکات پر بھی فروری تک عملدرآمد ہو جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں