افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان گھسنے کی کوشش، فائرنگ، 2 جوان شہید، لکی مروت: وین پر حملہ، 4 پولیس اہلکار جاں بحق

افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان گھسنے کی کوشش، فائرنگ، 2 جوان شہید، لکی مروت: وین پر حملہ، 4 پولیس اہلکار جاں بحق

کرم میں دہشتگرد باڑ عبور کرنا چاہتے تھے ،سرحدوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ، توقع ہے افغان حکومت آئندہ ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیگی،آئی ایس پی آر ، میانوالی روڈ پر اہلکار گشت کر رہے تھے ، موٹرسائیکلوں سواروں کی فائرنگ ،سرچ آپریشن،شہدا میں اے ایس آئی بھی شامل، سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

راولپنڈی، پشاور(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پاک فوج نے افغانستان سے دہشت گردوں کی سرحدی باڑ عبور کرکے پاکستان داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دوجوان شہید ہو گئے جبکہ لکی مروت میں پولیس وین پر نامعلوم شرپسندوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے ساتھ باڑ کو عبور کرنے کی کوشش کی۔ پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنادی۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کرم کے رہائشی 24 سالہ لانس نائیک اسد اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی آصف شہید ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کیخلاف کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت آئندہ ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دوسری طرف پولیس حکام کے مطابق لکی مروت میں پولیس وین میں سوار اہلکار منگل اور بدھ کی درمیانی شب لکی میانوالی روڈ پر گشت کر رہے تھے کہ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے ۔ شہدا میں اے ایس آئی یعقوب، کانسٹیبل مستقیم، کانسٹیبل انعام اور ڈرائیور رحیم شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ، شہید ہونے والے اے ایس آئی یعقوب خان، کانسٹیبل ڈرائیور رحیم، کانسٹیبل انعام اللہ اور کانسٹیبل مستقیم شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کردی گئی۔ پولیس کے چاق چوبنددستے نے شہدا کو سلامی پیش کی ۔چاروں شہدا کی میتیں پولیس کے سپیشل سکواڈ کے ہمراہ ان کے آبائی علاقوں کو پہنچائی گئیں جہاں شہدا کو پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں