کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ، دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے

کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ، دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے

مقبوضہ وادی میں حریت قیادت کی کال پرہڑتال، روزمرہ زندگی مفلوج،اسلام آباد سمیت مختلف ممالک میں ریلیاں ، آزادی کی منزل دور نہیں،صدر، وزیراعظم سیاسی رہنمائو ں کا پیغام،وزیراعلیٰ بزدار،گورنرپنجاب کی ریلی میں شرکت

لاہور، اسلام آباد، سرینگر،لندن(سیاسی رپورٹرسے ، سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز، خبر ایجنسیاں)کنٹرول لائن کے دونوں جانب سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کے 74 سال مکمل ہونے پر(27)اکتوبر بروز بدھ یوم سیاہ منایا ۔جموں و کشمیر میں عوامی بغاوت سے خائف مہاراجہ کی ایما پر ریاستی عوام کے حق خودارادیت کو پامال کرتے ہوئے 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے اپنی فوجیں سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتاریں اور ریاست کے بڑے حصے پر قبضہ کرلیا۔ کشمیری عوام نے بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کے نئے دور کی بنیاد رکھی جبکہ حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی تاریخ رقم کرڈالی، اس موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں حریت کانفرنس کی اپیل پر احتجاجی ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی،تمام کاروباری مراکز بندرہے ،سرینگر سمیت وادی کے دیگر مقامات پر سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے تھے ، جگہ جگہ فوجی اہلکارتعینات کئے گئے تھے ۔ آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ ادھربرطانوی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ چونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کے چارٹر کی خلاف ورزی کر رہا ہے لہذا ہم کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کے مطالبے کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ ادھر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم آزادی و حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ، بھارت غیرقانونی قبضے سے کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو دبا نہیں سکتا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ کشمیریوں کی لاتعداد قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے ۔ بھارتی قابض افواج کے 7 دہائیوں کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کا عزم مضبوط ہے ۔ہم کشمیری باشندوں، عورتوں اور بچوں کے عزم وحوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازع جنوری 1948 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے ۔ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے ۔ سابق صدر پاکستان آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے یوم سیاہ پر پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے ،مسئلہ کشمیر ،کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ،آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق ہے ، بھارت کو یہ حق غصب کرنے نہیں دیں گے ۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کہا کہ کشمیریوں کے حق آزادی کے حصول تک ان کی منصفانہ جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیری حریت پسندوں کی تحریک جاری ہے ،کشمیریوں کی آزادی کی منزل زیادہ دور نہیں ۔ ادھر لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراورگورنر پنجاب چودھری محمد سرورکی قیادت میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر گورنر ہائوس سے ریلی نکالی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی اورناجائز قبضہ کیا ہواہے ۔پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ وہ دن دورنہیں جب کشمیر آزا د ہو گا۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کشمیر یوں سے ایک لمحہ کو بھی جدا نہیں کرسکتی۔ بھارت کیخلاف ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان کی کامیابی پر کشمیر یوں کا جشن بھارت کیخلاف ریفر نڈم سے کم نہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں