افغان ہمسایہ ممالک کے وزرا خارجہ کا ایران میں اجلاس

افغان ہمسایہ ممالک کے وزرا خارجہ کا ایران میں اجلاس

عالمی برادری انسانی ہمدردی کے تحت افغانستان کی مدد تیز کرے :شاہ محمود

اسلام آباد،تہران (وقائع نگار،اے ایف پی)افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرا خارجہ کا ایران میں اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان کو قائل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔عالمی برادری مثبت رابطے جاری رکھے اور انسانی ہمدردی کے تحت افغانستان کو مدد کی فراہمی تیز کرے ۔ انفرادی واجتماعی، بامعنی معاشی سرگرمیوں کو یقینی بنایاجائے ، ترقیاتی عمل میں اعانت کی جائے اور پائیدار افغان معیشت قائم کرنے کے لئے مدد فراہم کی جائے ۔افغانستان سیاسی استحکام کی طرف عبوری دور سے گزر رہا ہے ۔ افغانستان میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے سکول دوبارہ کھلوانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے خطاب میں طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ ہمسایہ ملکوں کیساتھ دوستانہ پالیسی اختیار کریں، اور وہ تمام ضروری اقدامات اٹھائیں جس کے ذریعے وہ ہمسایہ ملکوں کو یقین دہانی کرا سکیں کہ انہیں افغانستان سے کوئی خطرہ نہیں۔علاوہ ازیں شاہ محمود نے تہران میں تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہر دین اور ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں