مظاہرین نے سیدھی گولیاں ماریں، 4 اہلکار شہید،309زخمی ہوئے :آئی جی
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کالعدم تنظیم نے ہمیشہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے شرپسندانہ رویے کو فروغ دیا
لاہور(خبر نگار سے ،سیاسی رپورٹر سے ) دو دن پہلے بھی مارچ کے دوران پولیس اہلکاروں کو تشدد کرکے شہید کیا اور اب پھر دو اہلکار شہید ہوئے اور درجنوں اہلکار زخمی پڑے ہیں، بدھ کو انہوں نے پولیس پر سیدھی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 309اہلکار زخمی ہوئے جبکہ چند ماہ قبل دھرنوں اور مظاہروں میں کالعدم تنظیم کے پرتشدد مظاہرین نے 741اہلکاروں کو زخمی اور تین اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا 2017میں اسی جماعت نے ایمبولینس کوراستہ نہ دیا جس سے مریض دم توڑ گیا،پولیس افسران واہلکار بھی سچے عاشق رسول ہیں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،حسان خاور نے کہا مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرنے کے خواہاں ہیں، رٹ چیلنج کرنیکی اجازت نہیں دینگے ۔