ساتھ دینے والوں کوکبھی تنہا نہیں چھوڑتے :پرویزالٰہی

ساتھ دینے والوں کوکبھی تنہا نہیں چھوڑتے :پرویزالٰہی

جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم ہونے تک صوبہ اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے سابق صوبائی وزیر رائے منصب علی خان اور سینئر نائب صدر پنجاب مخدوم بابر علی نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی اور جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے ضروری ہدایات لیں۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم ہونے تک پنجاب اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا، پاکستان مسلم لیگ کو جب بھی موقع ملا عوامی خدمت میں پیش پیش رہی ہے ، ہم نہیں ہمارے کام بولتے ہیں۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ ساتھ دینے والوں اور ساتھ کھڑا رہنے والوں کو ہم اکیلا نہیں چھوڑتے ، ہم خیال اور پاکستان کی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کیلئے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں، پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیر مقدم کریں گے ۔ انہوں نے کہا ہماری پہلی ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے ، پاکستان مسلم لیگ اور وفاقی حکومت میں بلدیاتی نظام میں بہتری کیلئے سفارشات پر غور جاری ہے ، نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو بہترین سہولیات حاصل ہوں گی، مسلم لیگ آئندہ الیکشن میں جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک سے بھرپور حصہ لے گی، انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہو گی۔ رائے منصب علی خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں جتنے ترقیاتی کام آپ کے دور میں ہوئے ، دوبارہ نہیں ہوئے ، یہی وجہ ہے کہ لوگ ہمارے دور کو آج بھی یاد کرتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں