پٹرول پمپس بند، گاڑیوں کی لمبی قطاریں، پٹرولیم ڈیلرز کی آج سے ہڑتال، کئی شہروں میں فروخت رات کو ہی رک گئی، لوگ خوار

پٹرول پمپس بند، گاڑیوں کی لمبی قطاریں، پٹرولیم ڈیلرز کی آج سے ہڑتال، کئی شہروں میں فروخت رات کو ہی رک گئی، لوگ خوار

ڈیلرزمارجن اڑھائی فیصد سے بڑھاکر6فیصدکیاجائے ورنہ پمپس غیرمعینہ مدت تک بندرہیں گے ، پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن ، ہڑتال کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی :اوگرا ، کیس ای سی سی بھجوادیا،مناسب اضافے کیلئے کوشاں ہیں،پی ایس او،شیل،ٹوٹل ودیگرپمپس کھلے رہیں گے ، ترجمان وزارت پٹرولیم،فیصلہ آئند ہ اجلاس میں ہوگا،وزیر توانائی

کراچی،اسلام آباد،لاہور(بزنس رپورٹر، وقائع نگار خصوصی،اپنے رپورٹرسے ، اکنامک رپورٹر سے ،اپنے سٹی رپورٹر سے ،نمائندگان)آل پاکستان پٹر ول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج سے ہڑتال کردی، پٹرول پمپس بندکرنے کااعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ڈیلرزمارجن 6 فیصد کیا جائے ۔ڈیلرزکی طرف سے ہڑتال کااعلان ہوتے ہی شہری پٹرول پمپس پرامڈآئے ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔پٹرول کے حصول کیلئے شہری گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں پر پمپس پرجمع ہوئے ،کئی شہروں میں پٹرول کی فروخت رات کو ہی رک گئی ، جس کے سبب لوگ خوارہوتے رہے ۔چیئرمین پی پی ڈی اے عبدالسمیع خان نے ملک خدا بخش اور دیگر کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہمارا کوئی مطالبہ نہیں مانا ، ان حالات میں پٹرول پمپس چلانا محال ہے ۔ ڈیلرز مارجن اس وقت اڑھائی فیصد ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ اسے بڑھا کر 6 فیصد تک کیا جائے ، بصورت دیگر آج25نومبر جمعرا ت صبح 6 بجے سے پٹرول پمپس کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا جائیگا،ملک بھر سے مختلف ایسوسی ایشنزنے پی پی ڈی اے کی ہڑتال کی کال پرآج سے پٹرول پمپس بندرکھنے کااعلان کیاہے ۔اعلان کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے اوگرانے واضح کیاہے کہ ڈیلر مارجن میں اضافے کی بنیاد پر سپلائی میں خلل ڈالنے کیلئے ہڑتال کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ریٹیل آؤٹ لیٹس پر تیل کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ، اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں اسے یقینی بنانے کے لیے موجود ہیں۔ہڑتال کے اعلان کے بعد وزارت پٹر ولیم نے کہاہے کہ پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن بڑھانے کیلئے کیس اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کوبھجوادیاگیاہے ،مناسب اضافے کیلئے کوشاں ہیں، 10 روز میں فیصلے کا امکان ہے ،ترجمان کاکہناتھا کہ شہری بے فکررہیں، ہڑتال کے دوران پی ایس او،شیل،ٹوٹل ودیگرپمپس کھلے رہیں گے ۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہرنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مارجن پر نظر ثانی سے متعلق سمری پر فیصلہ ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں ہوجائے گا۔ادھر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میرشمس شہوانی کے مطابق 26 ہزار آئل ٹینکرز ملک بھر میں سپلائی جاری رکھیں گے ،اس سے 80 فیصد پٹر ول پمپ کھلیں رہیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں