سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست پروازوں کی اجازت دیدی: 3ارب ڈالر بھی اسی ہفتے مل جائینگے: وزیر اطلاعات

سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست پروازوں کی اجازت دیدی: 3ارب ڈالر بھی اسی ہفتے مل جائینگے: وزیر اطلاعات

مسافروں کو کورونا ویکسی نیشن کی تفصیلات پہلے سے فراہم کرنا ہونگی،روانگی سے 72گھنٹے قبل کی پی سی آر رپورٹ بھی دکھانی ہوگی،وزارت داخلہ ، 5دن کیلئے ہوٹل قرنطینہ ضروری،ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائیگی،اطلاق یکم دسمبرسے ہوگا،اعلامیہ، پاکستانی زائرین کیلئے عمرہ بحالی کی راہ ہموار

اسلام آباد،لاہور ،کراچی( دنیانیوز،خصوصی نیوز رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ،نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز تین اچھی خبریں آئیں ، سوشل میڈیا پر اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پہلی خبر یہ تھی کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی ، دوسری خبر میں سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا اور تیسری خبر یہ رہی کہ سعودی عرب سے تین ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے پاگئے اور یہ ڈالر اس ہفتے پاکستان کو مل جائینگے ۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے جمعرات کے روز مختلف ممالک پر عائد سفری پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق سفری پابندی ختم ہونے کے بعد یکم دسمبر سے پاکستان، انڈونیشیا، برازیل، ویتنام، مصر اور بھارت سے مسافر براہ راست سعودی عرب جاسکیں گے ۔سعودی عرب آنے والے مسافروں کیلئے 5 دن کے لئے ہوٹل قرنطینہ میں قیام کرنا ضروری ہوگا اور پانچویں دن انہیں مزید کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں قرنطینہ کی پابندی سے استثنیٰ دیا جائے گا،مسافروں کو یہاں فراہم کی جانے والی کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق سعودی عرب جانے والے مسافروں کو اپنی کورونا ویکسی نیشن کی تفصیلات پہلے سے فراہم کرنا ہوں گی ،روانگی سے 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر رپورٹ دکھا نا ہوگی۔ضوابط کے تحت لازمی ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ‘ابشر’ کے ‘قدوم ’ پورٹل پر رجسٹرکرایا جائے جس میں ویکسین کی تفصیلات درج ہونی چاہئیں جن میں ویکسین یافتہ اور غیر ویکسین یافتہ کی وضاحت کی جاتی ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب نے افغانستان، ایتھوپیا، لبنان اور ترکی پر عائد سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے ۔ اس سے قبل پاکستانیوں کاکسی تیسرے ملک میں 14روز قرنطینہ میں رہنا ضروری تھا،دوسری جانب پاکستانی زائرین کیلئے عمرہ بحالی کی راہ بھی ہموار ہو گئی،پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے ) کے ذرائع نے سفری پابندیاں ختم کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ایوی ایشن کی جانب سے تحریری اجازت نامہ ملتے ہی ٹکٹوں کی بکنگ شروع کردی جائے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پابندی کے خاتمے کے اعلان پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں