ادارے متنازعہ بنانے کی کوشش ملک کونقصان پہنچانے کے مترادف: بزدار
اداروں کیخلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ ہیں نہ ایسے عناصر کا کوئی مستقبل ہے ، احساس راشن پروگرام پنجاب میں خود لیڈ کروں گا :ثانیہ نشتر سے گفتگو، افسر کو رشوت کی شکایت پر ہٹا دیا
لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے ۔ اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے اور اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات ناقابل فہم اورقومی مفادات کے یکسر منافی ہیں اور ایسے بیانات ملک دشمن بیانیے کے عکاس ہیں۔پاکستان کے عوام شر انگیز بیانیے کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سوشل پرو ٹیکشن ثانیہ نشتر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور احساس راشن پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ احساس راشن پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے ،پنجاب میں اس پروگرام کے تحت کریانہ دکانوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی اور انتظامی افسروں کو احساس راشن پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کو پنجاب میں خود لیڈ کروں گا اور اس پروگرام کی کامیابی کیلئے پنجاب حکومت ہرممکن تعاون کرے گی۔ ادھر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایڈہاک بھرتیوں کیلئے رشوت لینے کی شکایات پر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکشن افسرمحمد شفیق کو عہدے سے ہٹا کر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ سیکشن افسر محمد شفیق کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔