میڈیا طاقتور

میڈیا طاقتور

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پولیس محنت، جانفشانی اور ہمت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے

اسلام آباد (اے پی پی ، این این آئی )بدقسمتی سے ہم نے پولیس کو وہ مقام نہیں دیا جس کی وہ حقدار ہے ، آج کے دور میں میڈیا بہت طاقتور ہے ، ہر آدمی کی جیب میں دو دو کیمرے ہیں، آج جرائم کو زیادہ کوریج مل رہی ہے ،جرائم پیشہ افراد ہائی ٹیک ہو گئے ، معاشرہ انحطاط کا شکار ہے چنانچہ جرائم پیشہ گروہوں کے زیادہ منظم ہونے کی وجہ سے پولیس کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ گئی ہیں، پولیس اگر ذمہ داری سے اپنا کام کرتی ہے تو اسے سراہا جانا چا ہئے لیکن عام مشاہدہ یہ ہے کہ اگر کسی بڑے آدمی کی گاڑی کو روک کر پولیس اہلکار اس کا چالان کرنا چاہے تو اس سے جھگڑا کیا جاتا ہے اور الٹا پولیس کو بدنام کرنے کے لئے ویڈیو وائرل کی جاتی ہے ، جمعرات کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس افسر اور جوان دن رات عوام کی خدمت کر رہے ہیں، پولیس نے 7 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے ، آج کے حالات میں پولیس کا کام اور بھی مشکل ہو گیا ہے ، 78 کالعدم تنظیمیں اور ان کے سلیپر سیلز ہیں، ہم اپنے جغرافیائی محل وقوع اور پڑوس کے حالات سے بھی متاثر ہوتے ہیں اور ہمارا ظاہری اور چھپا دشمن پاکستان میں تخریب کاری کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، نفسا نفسی کا عالم ہے ، میڈیا طاقتور ہے ، ایسے میں پولیس کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ جاتی ہیں۔ وزیر داخلہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ بہتر روابط استوار کرے ، اس طرح امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور پولیس کی عزت بھی بڑھے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں