وکیل کی خاتون اسسٹنٹ کے قتل کا ڈراپ سین، سوتن ملوث

وکیل کی خاتون اسسٹنٹ کے قتل کا ڈراپ سین، سوتن ملوث

اجرتی قاتل عرفان کو 2لاکھ میں راضی کیا،ملازم بھی ملوث،ملزمہ رابعہ کا اعتراف ، عقیلہ سبحانی کو 14اکتوبر کو جوہرٹائون میں موٹرسائیکل سواروں نے قتل کردیا تھا

لاہور(خبر نگار سے )جوہر ٹاؤن کے علاقے میں قتل ہونیوالی وکیل کی اسسٹنٹ قتل کیس کا ڈراپ سین ہوگیا، مقتولہ کو اسکی سوتن نے شوٹرکو پیسے دے کرقتل کرایا، سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پولیس نے واقعہ میں ملوث 3ملزموں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ 14اکتوبر کو جوہر ٹاؤن کے علاقے میں ایڈووکیٹ کی پرائیویٹ اسسٹنٹ عقیلہ سبحانی موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی تھی ۔ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ روز خاتون سمیت 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق مقتولہ کی سوتن رابعہ نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ میرا شوہر مجھے وقت اورتوجہ نہیں دیتا تھا، شوہر نے سوتن کو گھرخرید کردیا، مجھے مناسب خرچہ نہیں دیتا تھا،اس لئے قتل کا منصوبہ بنایا۔ملزمہ رابعہ کا مزید کہنا تھا کہ شوٹرکو2لاکھ روپے میں قتل کے لیے راضی کیا جبکہ ایک لاکھ ایڈوانس دیا ،اجرتی قاتل عرفان 22 روز تک مقتولہ عقیلہ کی ریکی کرتارہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہرکا ملازم بھی ریکی کرنے میں مدد فراہم کرتا رہا،قتل کی واردات میں ملوث تینوں ملزموں کو گرفتارکرکے ملزموں سے آلہ قتل اور رقم برآمد کرلی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں