بلدیاتی ٹکٹیں :وزرا، ارکان پارلیمنٹ بھی کمیٹی میں شامل کرنیکی منظوری
وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے بلدیاتی ٹکٹوں کے لئے فیصلہ سازی کے عمل میں وزرا، ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرنے کی منظوری دے دی
لاہور (لیاقت انصاری سے )وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس میں چیف آرگنائزر،پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ، سیکرٹری جنرل عامر کیانی ،وزیر بلدیات پنجاب محمود الرشید ،صدر پی ٹی آئی وسطی پنجاب سینیٹر اعجاز چودھری ،صدر پی ٹی آئی شمالی پنجاب صداقت عباسی، صدر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب سینیٹر عون عباس بپی اور صدر پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب فیض اللہ کموکہ نے شرکت کی۔ وزیر اعظم کی قائم کردہ بلدیاتی کمیٹی نے پنجاب میں پی ٹی آئی ٹکٹوں میں مشاورتی عمل بارے اہم فیصلہ کیا، جس کے تحت کمیٹی نے بلدیاتی ٹکٹوں کے لئے فیصلہ سازی کے عمل میں وزرا، ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرنے کی منظوری دی ۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزرا نے مطالبہ کیا تھا کہ بلدیاتی ٹکٹوں کے لئے ضلعی بورڈ ز میں وزرا اور ارکان اسمبلی کو شامل کیا جائے ، اب طے کیا گیا ہے کہ صرف تنظیمیں پارٹی ٹکٹوں کے فیصلے نہیں کریں گی ،تنظیم ، ارکان پارلیمنٹ اور وزرا بورڈ میں شامل ہوں گے ۔ اجلاس میں پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدواروں کے حوالے سے ابتدائی حکمت عملی مرتب کی گئی ۔