6دسمبر کو حکومت ہٹانے کا حتمی لائحہ عمل طے ہوگا :فضل الرحمن

6دسمبر کو حکومت ہٹانے کا حتمی لائحہ عمل طے ہوگا :فضل الرحمن

حکمران چین کی بانسری بجا رہے جس کا خمیازہ آئندہ نسلوں کو بھگتنا پڑے گا ، اب ملکی خود مختاری اور استحکام بھی داؤپر لگ چکا ، میڈیا سے گفتگو، خطاب

رحیم یار خان( نیوز ایجنسیاں)پی ڈی ایم اور جے یو آئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ6دسمبر کوپی ڈی ایم کے اہم اجلاس میں لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن سمیت دیگر اہم فیصلے کئے جائیں گے ، موجودہ حکومت کو ہٹانے کے بارے میں پی پی پی سمیت اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور 6دسمبر کے اجلاس میں موجودہ حکومت کو ہٹانے کے بارے میں حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا،حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں جس کا خمیازہ آئندہ نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔ چوک بہادر پور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت اس حد تک کمزور ہو چکی ہے کہ اب ملکی خود مختاری اور استحکام بھی داؤپر لگ چکا ہے لیکن اس کے باوجود سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے ماتحت کر دیا گیا ہے جو ملکی ادارے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے 2010میں یہ پیشگوئی کی تھی کہ 2018میں ایک ایسی حکومت ملک پر مسلط کی جائے گی جو ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر انتہائی کمزور کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے ،ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کو بین الاقوامی پلاننگ کے تحت دھاندلی سے لایا گیا، حکمران ملک کے لیے رسک بن چکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں