اینٹی سموگ سکواڈآ لودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کیخلاف متحرک

اینٹی سموگ سکواڈآ لودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کیخلاف متحرک

آپریشن وسط دسمبر تک جاری رہیگا، روزانہ 300کارخانوں کا دورہ کریں گے ، اہلکار ، آلودگی میں فیصل آبادپہلے ،لاہوردوسرے نمبر پر،ملتان میں بھٹوں کیخلاف کارروائی

لاہور،فیصل آباد(اے ایف پی، دنیا مانیٹرنگ)لاہور میں اینٹی سموگ سکواڈ دھواں نکالنے والی فیکٹریوں کا سراغ لگانے کے لیے متحرک ہو گیا ہے اور یہ آپریشن دسمبر کے وسط تک جاری رہے گا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اینٹی سموگ سکواڈ کی ٹیم کے اہلکار ہر روز مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہیں، وہ زہریلے دھوئیں کو سکین کرتے ہیں جس سے انہیں پتا چلتا ہے کہ فیکٹری ماحولیاتی قوانین کو توڑ رہی ہے ۔ نئے آپریشن کے انچارج محکمہ ماحولیات کے اہلکار علی اعجاز کا کہنا ہے کہ اصل سبب تک پہنچنے کے لیے ہمیں صرف دھوئیں کا پیچھا کرنا ہے ، فہرستوں کی بھی ضرورت نہیں ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ وہ وسیع و عریض شہر میں 300 صنعتی کارخانوں کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جنہیں زہریلے دھوئیں کے بدترین اخراج کے ذمہ دار کے طور پر شناخت کیا گیا ہے ۔اینٹی سموگ سکواڈ کی ایک ٹیم کے لیڈر ساجد علی نے بتایا یہ واضح ہے کہ فیکٹریاں غیر معیاری ایندھن استعمال کر رہی ہیں۔ کئی فیکٹری مالکان سیاسی اثر و رسوخ اور رابطوں کے ذریعے سکواڈ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ ہمارے کام کو مزید مشکل بنا دیتا ہے ، ہم سمجھوتہ کرنے پر مجبور ہیں۔حکام ایک وقت میں چند دنوں سے زیادہ فیکٹریوں کو بند نہیں کرنا چاہتے ، کیونکہ کم اجرت والے مزدوروں کو دیہاڑی پر تنخواہ ملتی ہے ۔ماحولیاتی وکیل اور کارکن رافع عالم سموگ سکواڈ کے اقدام کو نمائشی قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہزاروں صنعتی سائٹس ہیں جو زہریلے دھوئیں کا اخراج کرتی ہیں، ان سے صرف لاہور کے اندر سکواڈ کے 6یا 12 دستے نہیں نمٹ سکتے ۔ ادھرگزشتہ روز فیصل آباد380ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ پاکستان کا آلودہ ترین شہر، جبکہ لاہوردوسرا آلودہ شہرقرارپایا، صبح کے وقت حد نگاہ انتہا ئی کم ہونے سے فیصل آباد آنے والی متعددٹرینیں3سے 4گھنٹے لیٹ ہوگئیں۔ علاوہ ازیں ملتان میں دھواں پھیلانے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں