بلوچ عوام کی حمایت سے استحکام وخوشحالی آئی،آرمی چیف
افغانستان میں امن پاکستان میں امن،گفتگو،سیکرٹری جنرل دفاع اٹلی کی ملاقات
لاہور، راولپنڈی ( نیوز ڈیسک،خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہاہے کہ بلوچ عوام کی حمایت سے صوبے میں استحکام وخوشحالی آئی، محنت سے حاصل ہونے والے امن کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آٹھویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کی سکیورٹی فورسز کے لیے پُرعزم حمایت کے نتیجے میں صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت ہوئی ہے ۔ پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو قومی ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے ۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ ویسٹرن زون میں موثر انتظام کی وجہ سے پاکستان افغانستان کی اندرونی بحرانی صورتحال سے محفوظ رہنے میں کامیاب رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سرحدوں اور داخلی سلامتی کو یقینی بناتے رہیں گے جو کہ قومی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے ، شرکا نے اس موقع پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا آرمی چیف سے سیکرٹری جنرل دفاع اٹلی لیفٹیننٹ جنرل لوسیانو پورٹولانو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی حالیہ صورتحال سمیت علاقائی سلامتی ، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران گفتگو میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسانی بحران کو روکنے کے لیے افغانستان کو انسانی امداد پہنچانے کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں اٹلی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔