ائیر ایمبولینس کیلئے سمری کی منظوری، جان بچانے کیلئے تمام آلات میسر ہونگے: بزدار

ائیر ایمبولینس کیلئے سمری کی منظوری، جان بچانے کیلئے تمام آلات میسر ہونگے: بزدار

جدید ایئر ایمبولینس ہائی وے او رموٹروے پر بھی لینڈنگ کرسکے گی،زخمی مسافروں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جاسکے گا ، لاہور سمیت دیگر شہروں میں سیوریج نمونے پولیو فری نکلے ، یہ بڑی کامیابی ، وزیر اعلیٰ ،جنوبی کوریا کے سفیر کی ملاقات

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس کے آغاز کیلئے سمری کی منظوری دے دی ، ریسکیو1122ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے لئے قواعد وضوابط کے تحت ٹینڈر جاری کرے گا۔عثمان بزدارنے ایئر ایمبولینس سروس کے لئے پائلٹ سٹاف کی دستیابی کا عمل بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایئرایمبولینس میں پیرا میڈ کس، ریسکیور اور جان بچانے کے لئے تمام ضروری آلات میسر ہوں گے ۔ جدید ترین ایئر ایمبولینس ہائی وے او رموٹروے پر بھی لینڈنگ اور ٹیک آف کرسکے گی، زخمیوں کو فوری ہسپتالوں میں منتقل کیا جاسکے گا۔ پنجاب ایئر ایمبولینس شروع کرنے والا پاکستان اورخطے کا پہلا صوبہ ہوگا- ادھر وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ شہروں میں سیوریج نمونوں کا پولیو فری ہونا حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی ہے ، سیوریج نمونوں کے پولیو فری ہونے کے باوجود پولیو ویکسی نیشن مہم تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔لاہور سمیت دیگر شہروں میں سیوریج نمونے پولیو فری نکلے ، یہ بڑی کامیابی ہے ، دریں اثنا عثمان بزدار سے جنوبی کوریا کے سفیر نے ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات بڑھانے او رمختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں