کورونا کیخلاف میڈیکل کورنے جنگجوکاکردار ادا کیا:آرمی چیف

کورونا کیخلاف میڈیکل کورنے جنگجوکاکردار ادا کیا:آرمی چیف

قمرجاویدباجوہ کاآرمی میڈیکل کورسینٹرایبٹ آباد کادورہ،کردار کو سراہا ، نگار جوہرکوپہلی خاتون جنرل کے رینک کے بیجزلگائے ،یادگارشہداپربھی حاضری

لاہور ( نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے صف اول کے جنگجوؤں کا کردار ادا کیا ہے ، امن اور جنگ کے دوران صحت کی دیکھ بھال کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے میں اے ایم سی کا تعاون قابل تعریف ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمی میڈیکل کورسینٹر ایبٹ آباد کے دورے کے موقع پرکیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو اے ایم سی کی کرنل کمانڈنٹ کے طور پر تعینات ہونے والی پہلی خاتون جنرل کے رینک کے بیجز لگائے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاآرمی میڈیکل کور نے ہمیشہ اندرون اور بیرون ملک قدرتی آفات کے دوران اپنا کردار فرض شناسی سے ادا کیا ہے ۔پاکستان آرمی کی پہلی تھری سٹار خاتون جنرل آفیسر کی بطور کرنل کمانڈنٹ اے ایم سی کی حیثیت سے تقرری درحقیقت پاکستانی فوج اور ملک کے لیے بے حد فخر کی بات ہے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ میڈیکل سائنس میں تیز رفتار ترقی کے ساتھ اپنی رفتارکو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ جدید فوجوں کے مقابلے کے قابل ہونے کے علاوہ صحت کی نگہداشت کے بہترین عالمی طریقوں سے بھی آگاہ رہ سکیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں