موبائل فون کال سستی کرنے کا اعلان

موبائل فون کال سستی کرنے کا اعلان

جنوری سے جون 2022 تک ایم ٹی آر 50پیسے ، جولائی سے 40پیسے ہوجائیگی ، صارفین کو مفت آف نیٹ بنڈلز جیسی مزید پیشکشوں کی سہولت ملے گی، پی ٹی اے

اسلام آباد(دنیا نیوز،خبرایجنسیاں)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایک سے دوسرے موبائل فون نیٹ ورک پر فی منٹ کال سستی کرنے کا اعلان کردیا، پی ٹی اے کے مطابق آؤٹ گوئنگ کال 0.70پیسے سے کم کرکے 0.50پیسے فی منٹ کر دی گئی ہے ۔ ایم ٹی آر میں کمی ،ٹیلی کام انڈسٹری کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد کی گئی ہے ،پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا کہ ایم ٹی آر میں کمی سے صارفین مفت منٹ آف نیٹ بنڈلز جیسی مزید مسابقتی اور جدید پیشکشوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ نیٹ کالوں کے کم نرخوں کے ذریعے مارکیٹ کو بھی فائدہ ہو گا۔ پی ٹی اے کے مطابق چھوٹے آپریٹرز کی بڑے آپریٹرز کو کی جانے والی ادائیگیوں میں بھی فائدہ ہوگا،مقامی،طویل اور بین الاقوامی کالز کے لیے ایم ٹی آر کا تعین کیا گیا ہے ، جنوری سے جون 2022 تک ایم ٹی آر 50پیسے فی منٹ ہوں گے ، جولائی 2022 سے جون 2023 تک ایم ٹی آر 40پیسے فی منٹ جبکہ جولائی 2023 کے بعد ایم ٹی آر 30پیسے فی منٹ ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں